کراچی ٹیسٹ کا پہلا دن بابر اعظم اور سرفراز احمد کے نام، پاکستان نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 317 رنز بنا لیے

کراچی(صباح نیوز)نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں پہلے دن پاکستان نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 317 رنز بنا لئے۔ نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ارینا میں جاری ہے۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم کی جانب سے عبد اللہ شفیق اور امام الحق میدان میں اترے۔ 12 رنز پر اعجاز پٹیل نے اپنے پہلے ہی اوور میں عبد اللہ شفیق کو اسٹمپ آئوٹ کردیا۔ عبد اللہ شفیق صرف 7 رنز ہی بناسکے۔ عبداللہ شفیق کے بعد شان مسعود بیٹنگ کے لیے آئے لیکن وہ بھی آگے بڑھ کر چھکا مارنے کی کوشش میں اسٹمپ آئوٹ ہوگئے۔ 19 رنز پر پاکستان کے 2 کھلاڑی آئوٹ ہوگئے تھے۔ جس کے بعد کپتان بابر اعظم کریز پر آئے۔ پاکستان کا اسکور ابھی 48 رنز ہی ہوا تھا کہ امام الحق بھی آئوٹ ہوگئے۔

انہوں نے 24 رنز کی اننگز کھیلی۔ بابر اعظم نے سعود شکیل کے ہمراہ پاکستان کی کشتی کو بھنور سے نکالنے کی کوشش کی، دونو ں نے چوتھی وکٹ پر 62 رنز کی شراکت قائم کی، 110 رنز پر سعود شکیل آئوٹ ہوگئے۔ انہوں نے 22 رنز بنائے۔ سعود شکیل کے بعد بابر اعظم کا ساتھ نبھانے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد میدان میں آئے۔ دونوں بلے بازوں نے ناصرف پاکستان کو مشکلات سے نکالا بلکہ ناقدین کے منہ بھی بند کردیئے۔ بابر اعظم اور سرفراز احمد نے پانچویں وکٹ پر 196 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ اسی دوران بابر اعظم نے 150 رنز بھی مکمل کئے۔310 رنز پر سرفراز احمد کو اعجاز پٹیل نے آئوٹ کیا ،

انہوں نے 86 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ پہلے دن کھیل کے خاتمے پر پاکستان نے 5 وکٹوں پر 317 رنز بنا لئے۔ بابر اعظم 161 اور آغا سلمان 3 رنز کے ساتھ منگل کو دوبارہ انگز شروع کریں گے۔نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے قومی ٹیم میں 4 تبدیلیاں کی ہیں۔وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو آرام دیا گیا ہے، ان کی جگہ کم و بیش 4 سال بعد سرفراز احمد کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ اسی طرح میر حمزہ نے بھی 4 سال 2 ماہ بعد قومی ٹیم میں جگہ بنائی ہے۔ میدان میں اترنے والی قوم ٹیم عبداللہ شفیق، امام الحق، شان مسعود، بابر اعظم، سعود شکیل، سرفراز احمد، آغا سلیمان، نعمان علی، محمد وسیم، میر حمزہ اور ابرار احمد پر مشتمل ہے۔