حکومت آزادی اظہار رائے اور آزادی صحافت پر کامل یقین رکھتی ہے، مریم اورنگزیب

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے لاہور پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت آزادی اظہار رائے اور آزادی صحافت پر کامل یقین رکھتی ہے، صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور پریس کلب کے نومنتخب صدر اعظم چوہدری، سینئر نائب صدر شاداب ریاض، نائب صدر ظہیر احمد بابر، سیکریٹری عبدالمجید ساجد، جوائنٹ سیکریٹری حسن تیمور جکھڑ اور فنانس سیکریٹری حافظ فیض احمد سمیت گورننگ باڈی کے ارکان کو لاہور پریس کلب کے الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے اس امید کا اظہار کیا کہ لاہور پریس کلب کی نومنتخب قیادت صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے اپنا کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کی صحافی برادری آئین و قانون کی بالادستی اور جمہوری روایات کے لئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے لاہور پریس کلب کی نومنتخب باڈی کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔