ن لیگ نے پرویزالہی کیخلاف تحریک عدم اعتماد واپس لے لی


لاہور(صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ( ن) نے چودھری پرویز الہی کیخلاف تحریک عدم اعتماد واپس لے لی،جبکہ نے اسپیکر پنجاب اسمبلی اور ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد واپس نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ن کے چیف وہپ خلیل طاہر سندھو اور دیگر نے اپنے دستخطوں سے تحریک عدم اعتماد واپس لینے کی درخواست سیکرٹری اسمبلی کو جمع کروا دی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ گورنر کے 22دسمبر کے نوٹیفکیشن کے بعد وزیراعلی اپنے عہدے پر برقرار نہیں رہے اس لئے ان کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر مزید کارروائی کی ضرورت نہیں رہی۔ذرائع نے بتایا ہے کہ مسلم لیگ ن نے اسپیکر پنجاب اسمبلی اور ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد واپس نہ لینے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ن کے چیف وہپ خلیل طاہر سندھوکا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پرویز الہی اعتماد کا ووٹ حاصل نہ کرنے پر پہلے ہی عہدے سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ صرف وزیرِ اعلی پنجاب کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد واپس لی گئی ہے، پنجاب اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد موجود رہے گی۔