منی لانڈرنگ ریفرنس،سلیمان شہباز کی 7 جنوری تک عبوری ضمانت منظور


لاہور(صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز کی منی لانڈرنگ ریفرنس میں عبوری ضمانت منظور ہوگئی۔

احتساب عدالت لاہور نے سلیمان شہباز کی عبوری ضمانت 7جنوری تک منظور کرتے ہوئے انہیں شامل تفتیش ہونے کا حکم دے دیا۔عدالت نے سلیمان شہباز کی عبوری ضمانت 5لاکھ کے مچلکوں کے عوض منظور کی۔

دوران سماعت فاضل جج قمر الزمان نے وکیل سے استفسار کیا کہ سلیمان شہباز کا شناختی کارڈ عدالت میں پیش کیا جائے، جس پر سلیمان شہباز نے جواب دیا کہ میرے پاس شناختی کارڈ ابھی موجود نہیں ہے، معذرت خواہ ہوں، آئندہ شناختی کارڈ لے کر آئوں گا۔جج نے کہا کہ شناختی کارڈ کی ضرورت ہے، یہ تو ہر وقت ساتھ ہونا چاہیے۔ شناختی کارڈ ہی ہماری اصل شناخت ہے۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز نے خود کو ایف آئی اے کی خصوصی عدالت میں سرنڈر کیا، جہاں ان کی جانب سے عبوری ضمانت کی درخواست دائر کردی گئی ۔امجد پرویز ایڈووکیٹ کی وساطت سے درخواست اسپیشل جج سینٹرل کی عدالت میں دائر کی گئی ہے، جس میں ایف آئی اے اور تفتیشی افسر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کیس میں بلاجواز نامزد کیا۔ عدالت میں طلبی کے نوٹس موصول نہیں ہوئے اور بغیر اطلاع اشتہاری قرار دیا گیا۔ اشتہاری قرار دینے سے قبل قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے، لہذامنی لانڈرنگ مقدمے میں شامل تفتیش ہونے کے لیے عبوری ضمانت منظور کی جائے۔

اس موقع پر ایف آئی اے کی خصوصی عدالت کے جج کی عدم دستیابی کے باعث ضمانت پر سماعت نہ ہوسکی اور سلیمان شہباز احتساب عدالت میں سرنڈر ہونے کے لیے روانہ ہو گئے تھے۔ وکیل کے مطابق سلیمان شہباز ایف آئی اے عدالت میں دوبارہ پیش ہوں گے۔