پاکستان اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے کشمیرکی آزادی کے لیے عملی اقدامات کرے،خالد محمود خان


اسلام آباد(صباح نیوز)جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ  حکومت پاکستان کو افغانستان کے مسلے پر او آئی سی کے خصوصی اجلاس میں جموں وکشمیر کے مسلے کو بھی شامل کرانا چاہیے تاکہ اسلامی دنیا جموں وکشمیر کی آزادی کے لیے اقدامات کرے مودی کی طرف سے تقسیم کشمیر کے منصوبے کے جواب میں حکومت پاکستان کو کاونٹر کشمیر روڈ میپ دینا چاہیے تھا۔

ڈاکٹر خالد محمود خان گزشتہ روزبلوچستان کی خواتین کے وفد سے بات چیت کررہے تھے۔ بلوچستان اسمبلی کی سابق رکن ، ڈائریکٹرالمحصنات ثمینہ سعید کی قیادت میں بلوچستان کی یونیورسٹیز وکالجز کی طالبات پر مشتمل 55 رکنی وفد نے مرکز جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر گلگت بلتستان کا دورہ کیا۔

اس موقع پرجماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان، سیکرٹری جنرل تنویر انور خان شعبہ خواتین کی سربراہ بھی موجود تھیں، بلوچستان کی خواتین کے وفد نے ڈاکٹر خالد محمود خان سے تحریک آزادی کشمیر ماضی حال اور مستقبل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ 5 اگست2019 کو بھارت نے جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کا قانون ختم کرکے کشمیر کو تقسیم کرنے کی کوشش کی ہے ، تقسیم کشمیر کے اس منصوبے میں بھارت کو امریکہ اور کچھ اور ممالک کی حمایت حاصل تھی ،کشمیر کو تقسیم کرنے کے عالمی ایجنڈے کے جواب میں پاکستان کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تھا، ایک کل وقتی وزیر خارجہ کا تقرر کیا جانا چاہیے جو صرف کشمیر کے لیے کام کرے ۔5 اگست2019 کے بعد جموں وکشمیر کے عوام محاصرے میں ہیں۔مقبوضہ کشمیر کو عملا دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کردیا گیاہے نوجوانوں کو ہدف بناکر شہید کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کو پاکستان کے حکمرانوں سے امید تھی کہ وہ ہندوستانی5اگست کے اقدامات کے تدارک کے لیے روڈ میپ دیں گے ریاست پاکستان اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے کشمیرکی آزادی کے لیے عملی اقدامات کرے ۔

خالد محمود خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی تحریک آزادی کشمیر کی پشتیبان ہے کسی کو شہدا کے مقدس لہو کے ساتھ غداری نہیں کرنے دے گی ، جموں وکشمیر ایک وحدت ہے اس کے حصے بخرے نہیں کیے جا سکتے ۔ گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے کا منصوبہ ناقابل قبول ہے ۔گلگت بلتستان تاریخی طور پر آزادجموں وکشمیر کا حصہ ہے دونوں آزاد خطوں کو باہم مربوط کر کے تحریک آزادی کشمیر کا حقیقی بیس کیمپ کا کردار بحال کیا جائے ،قائد اعظم نے کشمیر کو اپنی شہ رگ قرار دیا شہ رگ دشمن کے قبضے میں ہے حکومت پاکستان اپنا مطلوبہ کردار ادا کرے

ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ حکومت پاکستان عالمی برادری کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں ہندوستان کے مکروہ عزائم کو بے نقاب کرے کشمیری اپنے پیدائشی حق کے لیے جدوجہد کررہے ہیں انہیں آزادانہ اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق فراہم کیا جائے ان کی مرضی کے مغائر کوئی بھی فیصلہ کسی صورت قبول نہیں کریں گے