اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیرخزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ملک کی اقتصادی ترقی کیلئے توانائی کے شعبہ میں اصلاحات ناگزیر ہیں، متعلقہ حکام توانائی کے شعبہ کو درپیش تمام مسائل کے حل کیلئے قابل عمل تجاویز لائیں۔
وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈارکی زیر صدارت توانائی کے شعبہ میں اصلاحات کے حوالہ سے اجلاس ہفتہ کو منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیرمملکت برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، وزیرمملکت برائے پٹرولیم مصدق مسعود ملک، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری توانائی اور سینئر حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں توانائی کے شعبہ میں مختلف اصلاحات متعارف کرانے اور اس شعبہ میں گردشی قرضوں اور دیگر مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خزانہ نے توانائی کے شعبہ میں اصلاحات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی اقتصادی ترقی کیلئے توانائی کے شعبہ میں اصلاحات نہایت ضروری ہیں۔ موجودہ حکومت گردشی قرضے سمیت توانائی کے شعبہ کے مسائل کے حل کو ترجیح دے رہی ہے تاکہ اس شعبہ کو مالی طور پر مستحکم بنا کر ملک کی اقتصادی ترقی کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ توانائی کے شعبہ کو درپیش تمام مسائل کا قابل عمل حل نکالیں۔