موجودہ صورتحال میں عبوری حکومت مسئلے کا حل نہیں ہوگی، حماد اظہر


لاہور(صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما حماد اظہر نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں عبوری حکومت مسئلے کا حل نہیں ہوگی لیکن اس حکومت سے بہتر ہوگی۔

اپنے ایک بیان میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے کہا ہے کہ مارچ تک ملک کے دیوالیہ کے خطرات نہیں تھے لیکن نئی حکومت کے بعد سیاسی عدم استحکام آیا اور آئی ایم ایف کے پروگرام کو ڈی ریل کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ عبوری حکومت مسئلے کاحل نہیں ہوگی لیکن ان سے بہتر ہوگی اس حکومت کے پاس کوئی معاشی ماہر نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت سنگین بحران سے دوچار ہے لیکن ہمارا ون پوائنٹ ایجنڈاہے کہ ملک کوسیاسی و معاشی طورپرمستحکم کرنا ہے اور آنے کے ساتھ ہی ہم نے 3 ایمرجنسی لگانی ہیں جس میں ایکسپورٹ،اخراجات اور توانائی پر ایمرجنسی شامل ہے۔

حماد اظہر نے کہا کہ ایکسپورٹ کو فوری طور پر بحال کیا جائے گا، غیر ضروری اخراجات کو ختم کیا جائے گا اور توانائی کے منصوبوں کو فاسٹ ٹریک پر لیکر جایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ 6 ماہ کے اندر ہنگامی بنیادوں پر فیصلہ سازی کرنا پڑیگی اور 6 ماہ کے فیصلوں پر ہماری ٹیم کام کررہی ہے۔