اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے انسانی حقوق کے عالمی اصولوں اور اقدار کو برقرار رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں اپنی بہت سی کامیابیوں اور پاکستان میں خواتین کو بااختیار بنانے، بچوں کے حقوق اور اظہار رائے کی آزادی میں ہونے والی پیش رفت پر فخر ہے، پاکستان فلسطین اور جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کا پرزور حامی ہے، عالمی برادری کو بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں پر جبر اورانسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے کے لیے مل کر کوششیں کرنی چاہئیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج، ہم انسانی حقوق کے عالمی اعلامیہ کے 74 سال پورے ہونے پر بین الاقوامی برادری کے ساتھ ہیں، انسانی حقوق کے اس عالمی دن پر، ہم اپنی کامیابیوں کا جشن مناتے ہیں اور انسانی حقوق کے عالمی اصولوں اور اقدار کو برقرار رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 1973 کا آئین سب کے لیے مساوی حقوق اور تحفظ کی ضمانت دیتا ہے، ہمیں اپنی بہت سی کامیابیوں اور پاکستان میں خواتین کو بااختیار بنانے، بچوں کے حقوق اور اظہار رائے کی آزادی میں ہونے والی پیش رفت پر فخر ہے، ہماری آنے والی نسل نے برابری، وقار اور انسانی حقوق کو برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے انسانی وقار، آزادی اور سب کے لیے انصاف کے نظریات کو آگے بڑھانے کے لیے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے اداروں سمیت عالمی کوششوں میں مسلسل تعاون کیا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان عالمی انسانی حقوق کے ایجنڈے کی ترقی میں سب سے آگے رہا ہے ، انسانی حقوق کے عالمی اعلامیہ اور نسلی امتیاز کے خاتمے کے بین الاقوامی کنونشن کی ترقی میں ہمارے تعاون سے لے کر ویانا میں انسانی حقوق کے بارے میں تاریخی بین الاقوامی کانفرنسوں اور بیجنگ کانفرنس تک ہم نے کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج، پاکستان ترقی کے حق، اور نسل پرستی، اسلامو فوبیا، اور زینو فوبیا کے خلاف تحفظ جیسے مسائل پر ایک نمایاں آواز ہے،پاکستان استعمار اور غیر ملکی قبضے میں رہنے والے لوگوں کے حقوق کا بھی علمبردار رہا ہے، اس نے افریقہ اور ایشیا میں نوآبادیات کے تحت رہنے والے لوگوں کی آزادی کی تحریکوں کی حمایت کی، نسل پرستی کے خلاف وکالت کی اور نسل کشی کے خلاف ایک اہم آواز رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطین اور جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کا پرزور حامی ہے، انہیں عزت، آزادی اور انسانی حقوق کے لیے اپنی خواہشات کو پورا کرنے کا پورا حق ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ عالمی برادری کو بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں پر جبر اورانسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے کے لیے مل کر کوششیں کرنی چاہئیں،انہیں دوسرے آزاد لوگوں کی طرح حقوق اور آزادیوں سے لطف اندوز ہونے کا ناقابل تنسیخ حق حاصل ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستانی عوام کشمیریوں کے اپنے مستقبل کا خود تعین کرنے کے حق کے لیے ان کی جدوجہد میں ان کی حمایت جاری رکھیں گے جس کی ضمانت بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں دی گئی ہے۔