اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں کے حقوق کی پامالی اور بڑھتی ہوئی بھارتی بربریت پوری انسانیت کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔بھارت نے کشمیری شہریوں کے حقوق سلب کرکے پوری انسانیت کی توہین کی ہے۔ عالمی برادری سے اپیل ہے کہ کشمیریوں کو اس ظلم سے نجات دلائی جائے اور اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی منظور کردہ قرارداد کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت دیا جائے تاکہ کشمیریوں کے انسانی حقوق کا تحفظ کیا جاسکے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے وزیراعظم کے مشیر برائے کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کے حقوق کی پامالی کا ذکر اگر انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر بھی نہیں ہوگا تو پھر کب ہوگا؟ بھارت کا کشمیریوں کے حق خودارادیت کو تسلیم نہ کرنا عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے قوانین کی رو سے خودارادیت پر یقین رکھتا ہے اور کشمیریوں کی خود ارادیت کو نہ صرف تسلیم کرتا ہے بلکہ اس کیلئے عالمی برادری سے توقع رکھتا ہے کہ وہ مظلوم کشمیری عوام کے حقوق کی حفاظت کیلئے بھارتی ظلم اور بربریت کی مذمت کرے۔
بھارت کی طرف سے کئے جانے والے مظالم، انسانی حقوق کی پامالیوں، بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں، ماورائے عدالت قتل، کشمیریوں کی نسل کشی ، خواتین کی عصمت دری، بچوں کے حقوق کی پامالی اور پیلٹ گنز سے لوگوں کو اندھا کرنے سمیت جس قسم کی اذیتیں کشمیریوں کو دی گئی ہیں وہ پوری دنیا جانتی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں اس موقع پر ایک بار پھر پاکستان کے موقف کو دہرانا چاہتا ہوں کہ بھارت کی افواج فی الفور جموں و کشمیر کی وادی سے ہٹائی جائی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دیا جائے تاکہ کشمیریوں کے انسانی حقوق بچائے جا سکیں ۔ انسانیت پر جو تشدد کشمیر میں ہو رہا ہے اور بیبس کشمیریوں پر جس طرح کے مظالم ڈھائے جارہے ہیں ان سے فوری نجات دلائی جائے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عالمی برادری بھارت کو ہمسایہ ممالک کے اندر بربریت اور مذموم کردار ادا کرنے سے روکے اور پاکستان میں کلبھوشن یادیو کی طرح کے جو واقعات ہوئے اس پر بھارت کی مذمت کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل تحفظ حاصل ہے اور حکومت بلا امتیاز تمام شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرتی رہے گی ۔