جماعت اسلامی گیس کی 16گھنٹوں پر مبنی لوڈشیڈنگ کے اعلان کو مسترد کرتی ہے ،محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے گیس کی 16گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کا اعلان قابل مذمت ہے ، اس سے عوام کی مشکلات میں بے پنا ہ اضافہ ہو جائے گا ۔پہلے ہی عوام لوڈشیڈنگ کے ہاتھوں پریشان ہیں، رہی سہی کسر حکمرانوں کی نا اہلی اور غیر دانشمندانہ فیصلوں نے پوری کر دی ہے ۔ڈنگ ٹپائو اقدامات سے درپیش مشکلات کا مستقل حل نہیں نکل سکتا ۔ 45فیصد عوام سطح غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت نے اپنی تمام اخلاقی حدود عبور کر لی ہیں۔آئی ایم ایف کے غلاموں سے نجات حاصل کرنا ہو گی ۔ کسی بھی شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص،موجودہ حکمرانوں کی کارکردگی سے خوش دکھائی نہیں دیتا ۔  سرکاری اداروں کی نجکاری کی خواہش رکھنے والے غریب عوام کو دو وقت کی روٹی اور روزگار سے بھی محروم کرنا چاہتے ہیں۔ اگر حکمران ادارے ٹھیک نہیں کرسکتے ، اداروں سے کرپشن کا قلع قمع نہیں کرسکتے اور ان کو منافع بخش نہیں بناسکتے تو ان نا اہلوں سے چھٹکارہ حاصل کرنا ہوگا ۔

محمد جاوید قصوری نے ملک میں ہونے والی انتشار کی سیاست کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ملک میں جس طرح آئین و قانون کے ساتھ کھلواڑ اور عوامی جذبات کو مجروع کیا گیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی ۔ پی ٹی آئی اور اتحادی جماعتیں عوام کے مینڈیٹ کی توہین کر رہی ہیں۔ ملک میں معاشی عدم استحکام اور بے یقینی کی صورتحال بڑھتی چلی جارہی ہے۔  حکمرانوں کے عاقبت نا اندیش فیصلوں کے باعث ہر سیکٹر تباہی کی جانب گامزن ہے ۔