نوازشریف کو بھی بلالیں ان کی سیاسی گاڑی چھوٹ چکی ہے،شیخ رشید


راولپنڈی(صباح نیوز)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ فیصلوں میں تاخیر حالات کومزید سنگین بنادے گی، حکومت کاپاؤں  معاشی بارودی سرنگوں پرہے ،سیاسی معاشی عدم استحکام کا حل الیکشن ہیں ،حکومت الیکشن میں جتنی دیرکرے گی اپنے لئے سیاسی قبرکھودے گی۔

ان خیالات کااظہار شیخ رشید احمد نے  ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو بھی بلالیں ان کی سیاسی گاڑی چھوٹ چکی ہے اکیلا عمران خان تمام مخالف سیاسی قوتوں کوشکست دے گا۔

اپنی ایک اور ٹوئٹ میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ عمران خان کو اندازہ ہے کہ ملک مزید سیاسی عدم استحکام کا متحمل نہیں ہوسکتا، سیایس معاشی استحکام قومی سلامتی کا ضامن ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ الیکشن 2 ماہ قبل ہوں یا بعد میں، پی ڈی ایم کی سیاست دفن ہوگئی ہے۔