راولپنڈی(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ(ن)شعبہ خواتین کی سابق صدر، سینئر پارلیمنٹیرین بیگم نجمہ حمیدکی نماز جنازہ ان کی رہائش 877، ایف بلاک سیٹلائٹ ٹاؤن راولپنڈی کے قریب واقع اقصیٰ مسجد میں ادا کردی گئی جس کے بعد ان کو مقامی قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا ۔
نماز جنازہ میں پاکستان مسلم لیگ (ن)کے چیئرمین راجہ محمد ظفر الحق،(ن)لیگ پنجاب کے سینئر نائب صدر محمد حنیف عباسی، سابق وفاقی وزیر برائے کیڈڈاکٹر طارق فضل چوہدری، سابق وزیر مملکت برائے داخلہ امور محمد طلال چوہدری، سابق اراکین قومی اسمبلی ملک ابراراحمد، ملک شکیل اعوان، انجم عقیل خان، حاجی پرویز خان، سابق میئرراولپنڈی سردار محمد نسیم خان،پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل اور سابق چیئرمین سینیٹ سید نیئر حسین بخاری،پی پی پی رہنما زمرد خان، فرحت اللہ خان بابر، پی ٹی آئی رہنما سابق رکن قومی اسمبلی سید ظفر علی شاہ سمیت (ن)لیگ کے کارکنوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
بیگم نجمہ حمید جمعہ کو علالت کے باعث 78 برس کی عمر میں راولپنڈی کے ہولی فیملی ہسپتال میں وفات پاگئی تھیں۔ مرحومہ کے ایصال ثواب کے لئے رسم قل اور اجتماعی دعاکل ( پیر کو) صبح گیارہ بجے صدیق شادی ہال سیٹلائٹ ٹاؤن راولپنڈی میں ادا کی جائے گی۔
واضح رہے کہ بیگم نجمہ حمید ،رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب کی بڑی بہن اوروفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب کی خالہ تھیں۔
بیگم نجمہ حمید گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھیں۔ بیگم نجمہ حمید پاکستان مسلم لیگ(ن)کی مرکزی رہنما اور راولپنڈی میں پارٹی کی پہچان تھیں۔ وہ مسلم لیگ(ن)شعبہ خواتین کی صدر بھی رہیں۔ اس کے علاوہ دو بار سینیٹ آف پاکستان کی رکن بھی رہیں۔پارٹی کے شعبہ خواتین کی طویل ترین عرصہ تک صدر رہنے کا بھی اعزاز انہیں حاصل رہا ۔ 2011 میں ان کے مستعفی ہونے کے بعدسے یہ عہدہ خالی رہااور پارٹی نے کسی اور کو صدر شعبہ خواتین مقرر نہیں کیا۔
بیگم نجمہ حمید پاکستان مسلم لیگ(ن) قائدمیاں محمد نوازشریف اور ان کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز شریف کے انتہائی قریب تھیں۔محمد نوازشریف کی گرفتاری اور پرویز مشرف کے دور میں بیگم کلثوم نوازکی سیاسی جدوجہد میں وہ ان کی دست راست اور نمایاں رہنماؤں میں سرفہرست تھیں۔راولپنڈی میں بیگم نجمہ حمید کا گھر مسلم لیگ(ن) کا سیاسی قلعہ بنا رہا اور بیگم کلثوم ان کی رہائش گاہ پر نظر بند رہیں ۔
بیگم نجمہ حمید 18مارچ 1944میں ملتان میں پیدا ہوئی تھیں۔ وہ پیدائشی مسلم لیگی تھیں، پاکستان کے پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان کی اہلیہ بیگم رعنا لیاقت علی خان اور بیگم فیروز خان نون کے ساتھ وہ مسلم لیگ کے لئے خدمات انجام دیتی رہیں۔انہوں نے تمام عمر پاکستان مسلم لیگ کے ساتھ بسر کی۔ وہ ایک بہادر اور ذہین سیاسی رہنما کے طور پر جانی جاتی تھیں۔ مرحومہ نے سوگواران میں تین بیٹے چھوڑے ہیں۔