اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ(ق)کے صدر چوہدری شجاعت حسین کی ہدایت پر پارٹی خواتین ونگ کی متحرک کارکن لبنیٰ قریشی کو مسلم لیگ(ق)انسانی حقوق ونگ کا مرکزی صدر مقرر کر دیا گیا ۔
مسلم لیگ (ق)کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر چوہدری وجاہت حسین نے سیکرٹری جنرل طارق بشیر چیمہ کی مشاورت سے تقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نئے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد اپنے بیان میں لبنی قریشی نے کہا کہ پارٹی کی سینئر قیادت نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور وہ ان کی توقعات پر پورا اترنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گی۔
انہوں نے صدر مسلم لیگ ق خواتین ونگ مسز فرح خان کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ان کی اور پارٹی کے سینئر رہنماؤں کی رہنمائی کی جس سے ان کا اعتماد بڑھا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل لبنی قریشی مسلم لیگ ق خواتین ونگ کی انفارمیشن سیکرٹری کے طور پر خدمات انجام دے رہی تھیں۔