اپوزیشن عدم اعتماد کی تحریک لانے کا شوق پورا کرلیں، پہلے کی طرح پھر ناکامی ہوگی۔ چوہدری پرویز الہی

لاہور (صباح نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ اپوزیشن عدم اعتماد کی تحریک لانے کا شوق پورا کرلیں، پہلے کی طرح پھر ناکامی ہوگی۔پنجاب میں اپوزیشن کو پہلے بھی مار پڑی اور آئندہ بھی مار پڑے گی۔اپوزیشن جاگتے میں خواب دیکھ رہی ہے۔یہ تحریک عدم اعتماد کا شوشہ تو چھوڑ سکتے ہیں لیکن ان کے پاس ممبر ہی پورے نہیں۔پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہو رہا ہو تو گورنر راج بھی نہیں لگ سکتا۔اپوزیشن کو مخلصانہ مشورہ ہے کہ وہ بات کرنے سے قبل اسمبلی کے رولز آف بزنس کا مطالعہ کر لیا کریں۔ہم عمران خان کے ساتھ ہیں۔غلط فہمیاں پیدا کرنے والے پہلے کی طرح اب بھی ناکام رہیں گے ۔عمران خان پاکستان کیلئے لازم و ملزوم ہیں۔

ان خیالات کاظہار چوہدری پروزیر الہیٰ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم  عمران خان سے ان کی رہائش گاہ زمان پارک میں ملاقات کے بعد ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔

ملاقات میں سیاسی صورتحال اور پنجاب کے انتظامی معاملات پر تبادلہ خیال۔ ملاقات میں پنجاب اسمبلی کے رولز آف پروسیجر کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ پنجاب اسمبلی کے قواعد و ضوابط اور ٹیکنیکل پہلوں پر بھی غور کیا گیا۔جبکہ پرویز الہیٰ سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما پرویز خان خٹک ن ے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران سیاسی صورتحال اور موجودہ حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ عمران خان کے کہنے پر پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے میں رتی بھر بھی تاخیر نہیں ہوگی۔ پنجاب اسمبلی عمران خان کی امانت ہے اور یہ امانت انہیں دے دی ہے۔

عمران خان کے ہر فیصلے کا ساتھ دیں گے۔ہم جس کے ساتھ چلتے ہیں، اس کا پورا ساتھ دیتے ہیں۔اپوزیشن کے ہر ہتھکنڈے کا بھرپور جواب دیں گے۔عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔پی ڈی ایم نااہلوں کا ٹولہ ہے.عمران خان نے 13 جماعتوں کی سیاست کو زیرو کر دیا ہے۔عدم اعتماد یا گورنر راج کے شوشے دل خوش کرنے کیلئے ہیں۔اپوزیشن میں عدم اعتماد کا حوصلہ ہے نہ ان کے پاس نمبرز پورے ہیں۔