نئے آرمی چیف کی تقرری کے بعدبے یقینی کی صورتحال ختم ہونی چاہئے، راشدنسیم

کراچی(صباح نیوز)نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان راشدنسیم نے کہا ہے کہ نئے آرمی چیف کی تقرری کے بعدملک میںبے یقینی کی صورتحال ختم ہونی چاہئے،پی ٹی آئی کی طرح شہبازشریف کی قیادت میں قائم اے پی ڈی ایم کی 13جماعتی اتحادی حکومت نے بھی قوم کو مایوس کیا ہے،سیاسی حالات نئے انتخابات کی طرف جارہے ہیں تاہم نظام مصطفیۖ اوردیانتدارقیادت ہی ملکی ترقی اورمہنگائی سمیت ہمارے تمام مسائل کا حل ہے کیوں کہ قوم تمام پارٹیوں ونظاموں کو آزماچکی ہے جنہوں نے سبزباغ ،کرپشن اورمہنگائی کے سواکچھ بھی نہیں دیا۔توشہ خانہ چور اورقومی دولت کی لوٹمارکرکے بیرونی ملک اثاثے بنانے والی قیادت سے کسی خیر کی امید رکھنا فضول ہے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے قباء آ ڈیٹوریم میں صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہدچنا سے والدکی وفات پرتعزیت کے بعدمیڈیاسیل میں بات چیت کے دوران کیا۔ان کا مزیدکہناتھاکہ موجودہ حکومت نے مہنگائی کے خاتمے سے لیکراحتساب اورملکی ترقی کے بڑے دعوے کئے تھے مگروہ سب جھوٹے ثابت ہے،انکے دورحکومت میں مہنگائی وکرپشن میں مزیداضافہ ہوا ہے،غربت کی وجہ سے لوگ فاقہ کشی اورکراچی میں غربت کی وجہ تین بچوں سمیت ماں کالرزہ خیزقتل ملک میں ترقی اورمہنگائی وغربت کے خاتمے کے دعویدارحکمرانوں کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔اس لیے نجات ،ترقی کا واحد حل اسلامی نظام اوردیانتدار قیادت کا انتخاب ہے ورنہ چہرے وحکومتیں بدلتی رہیں گی عوام کی تقدیر نہیں بدل سکتی۔اس لیے عوام بیدار اورپرامن ،اسلامی وخوشحال پاکستان کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔

دریں اثناء روزنامہ جسارت کے چیف ایڈیٹر شاہنوازفاروقی،سینئرصحافی وحیدرآباد پریس کلب کے سابق صدرمحمد شاہد شیخ،اسلام کوٹ  کے صحافیوں عبدالغنی بجیر،شاہنوازخاصخیلی کے علاوہ نائب امیربشیراحمد ماندائی کی قیادت میں جماعت اسلامی بلوچستان کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے بھی مجاہد چنا سے والد کی وفات پرتعزیت کی۔جس میں نصیرآبادوجعفرآباد کے ضلعی امراء خاوندبخش مینگل،محمد امین بگٹی،سابق امیرضلع مولانا عبدالواحدزہری،الخدمت کے یوسف منگریو،یوتھ کے لیاقت علی چکھڑا شامل تھے۔