پاک فوج میں تقرریوں کا عمل میرٹ کی بنیاد پر مکمل ہونا خوش آئند ہے، لیاقت بلوچ


لاہور(صباح نیوز) نائب امیر جماعتِ اسلامی، صدر مجلسِ قائمہ سیاسی، قومی امور لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاک فوج میں تقرریوں کا عمل آئین، قانون اور میرٹ/سنیارٹی کی بنیاد پر مکمل ہوگیا ہے۔ بدتر حالات میں یہ عمل ہوا جو اچھے حالات کا پیش خیمہ ہوسکتا ہے۔ سیاسی پیالے میں فوجی تقرریوں کا طوفان سیاسی قیادت نے بلاجواز پیدا کیا۔ میڈیا، سوشل میڈیا نے طوفان کو دوچند کردیا۔ ریاست کے تمام اسٹیک ہولڈرز کو سنجیدگی، ذمہ داری، آئین و قانون کے مطابق اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ عمران خان صاحب اپنی مقبولیت کے عروج کو جذباتی فیصلوں کے ساتھ غلط استعمال کررہے ہیں۔قومی ترجیحات، انتخابی اصلاحات اور عام انتخابات کے انعقاد پر بند گلی سے نکل کر ڈائیلاگ کرنا قومی سیاسی ضرورت ہے۔ سیاست دان ضِد، جھوٹی انا کے بت توڑیں اور قومی سلامتی، معاشی بحرانوں کے خاتمہ کے لیے حب الوطنی کے ساتھ قومی کردار ادا کریں۔

شمالی، جنوبی، وسطی پنجاب کے سیاسی انتخابی کنونشنز سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاپولر سیاست، شخصیت کی بت تراشی، اسٹیبلشمنٹ کے سہاروں پر سیاست کا ہر حربہ ناکام ہوگیا ہے۔ عملا ثابت ہوگیا ہے کہ پی ٹی آئی، پی پی پی اور مسلم لیگ احتساب، گڈگورننس، آئین و قانون کی حکمرانی، عوامی مسائل کے حل اور قومی وسائل کی منصفانہ تقسیم کے لیے اہلیت نہیں رکھتیں۔ اقتدار میں اِن تینوں جماعتوں نے ایک ہی اسلوب ور خرابیوں کے تسلسل کو قائم رکھا ہے۔ پاکستان کے مظلوم عوام اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ معیشت کا بحران سود، قرضوں اور کرپشن کی وجہ سے ہے۔ اسلام کے معاشی نظام کا نفاذ ہی مسائل کا حل ہے۔ جماعتِ اسلامی نے ملک کو بحرانوں سے نکالنے کا چیلنج قبول کیا ہے۔ جماعتِ اسلامی منظم تنظیم، خدمتِ خلق کا جذبہ، امانت و دیانت کی سیاست قومی سیاست کا بڑا اثاثہ ہے۔ کارکنان اور قومی و صوبائی اسمبلیوں کے امیدواران حالات بدلیں گے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ سندھ حکومت کراچی اور حیدرآباد کے عوام کو بلدیاتی شہری حقوق سے محروم نہ کرے، انتخابات کے راستے سے بدنیتی کی رکاوٹیں ختم کرے۔ وفاقی حکومت، ریاستی ادارے اور بلوچستان حکومت “گوادر حق دو” تحریک کے دھرنا اور سراپا احتجاج عوام کے مسائل حل کریں۔ حکمران سی پیک کے راستے میں خود کانٹے بچھارہے ہیں۔