امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی انور ابراہیم کو ملائشیا کا وزیراعظم بننے پر مبارکباد

لاہور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے انور ابراہیم کو ملائشیا کا وزیراعظم بننے پر مبارکباد دی ہے اور اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ان کی قیادت میں برادر اسلامی ملک مزید استحکام اور ترقی کا سفر طے کرے گا۔

منصورہ سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ اسلامی دنیا کو ایک ایسے رہنما کی ضرورت ہے جو امت کو درپیش چیلنجزسے نبرد آزما ہوسکے۔ انور ابراہیم نے مسلمانوں کے تحفظ کے لیے طویل جدوجہد کی ہے اور وہ ان تمام مسائل اور چیلنجز سے آگاہ ہیں جو اسلامی دنیا کو درپیش ہیں۔

لہذا امید کی جاسکتی ہے کہ اب وہ بطور وزیر اعظم ملائشیا امت کی مزید بہتر طریقے سے رہنمائی کریں گے۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ انور ابراہیم کی قیادت میں پاک ملائشیا تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔