سیاسی مداخلت ختم کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے این اے 124میں مستحقین کے درمیان ونٹر پیکیج کی تقسیم کے موقع خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آرمی چیف کی جانب سے سیاست میں فوج کی مداخلت غیر آئینی قرار دینا خوش آئند ، اس فیصلے پر عملد ر آمد کو یقینی بنانا ہوگا۔ عوام کے جذبات کو ملک کے اندر افراتفری اور انتشار پیدا کرنے کے لیے ابھارنا، عدم برداشت اور عدالت کے فیصلوں کو اپنی مرضی کے مطابق ڈھالنے کی روش، ملک و قوم کی سلامتی کے لیے انتہائی خطرنا ک ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کسی جماعت نہیں بلکہ ملک و قوم کا ہوتا ہے۔ آرمی چیف کی تعیناتی میرٹ اور سنیارٹی کی بنیاد پر ہونی چاہیے۔پسند و ناپسند کا خمیازہ ماضی میں بھگت چکے ہیں۔ پاکستان کو آگے بڑھنا ہے تو تمام اداروں کو اپنی متعین حدود میں رہتے ہوئے کام کرنا ہوگا۔ 70برسوں سے ملک کے اندر تجربے پر تجربہ کرکے جو نقصان پہنچایا گیا ہے وہ ناقابل تلافی ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈر کو یکساں سیاسی میدان میسر ہو۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہاکہ سوشل میڈیا کے ذریعے گمراہ کن اور جھوٹے بیانیے بنا کر اداروں کو بدنام اور تذلیل کی جو سیاست شروع کی گئی تھی، وہ سارے بیانیے زمین بوس ہوچکے ہیں۔ اقتدار کی رسہ کشی سے ملکی حالات ابتر ہوتے چلے جارہے ہیں۔ معیشت زبوں حالی کا شکار ہے۔ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم دونوں عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ثابت ہوئی ہیں۔