راولاکوٹ(صباح نیوز) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ نوجوان قوم کا مستقبل ان کے باعزت روزگاری کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے ،حکومت نوجوانوں کے ساتھ کیے وعدے پورے کرے نوجوانوں کو بلاسود قرض فراہم کیا جائے تا کہ وہ باعزت اپنے روزگار کا اہتمام کرسکیں ،سفیان سعید جیسے نوجوان معاشرے کی آنکھ کا تارا ہوا کرتے ہیں اپنی زندگی اللہ کے دین کے غلبے اور قیام اور سیرت رسول ۖ کے اسوہ کی روشنی میں گزاری ۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے رکن سفیان سعید کی یاد میںمنعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع پونچھ زاہد رفیق ایڈووکیٹ،ناظم کشمیر اسلامی جمعیت طلبہ مہران معروف ،قیوم افسر سمیت دیگر راہنمائوں نے خطاب کیا ۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ اسلامی جمعیت طلبہ پوری امت کا اثاثہ ہے امت مسلمہ کو صالح اور باکردار قیادت کی فراہمی کا بڑا ادارہ ہے پاکستان ،آزادکشمیر اور دنیا بھر میں جمعیت کے تربیت یافتہ افراد اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کے محافظ اور تحریک آزادی کشمیر کا ہر اول دستے کے طور پر جمعیت کے نوجوانوں نے کردار ادا کیا تعلیمی اداروں میں مثبت سرگرمیوں کے فروغ اور معیار تعلیم کو پروان چڑھانے میں ان کا کردار بہت اہم ہے ۔
انہوں نے کہاکہ حکومت نوجوانوں کے مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کرے اور ان میں پائی جانے والی بے چینی کو دور کرنے کا اہتمام کیا جائے ،اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں تھامے در در پر جانے کو مجبور ہیں حکومت ان کے باعزت روزگار کی فراہمی کا اہتمام کرے ۔