حکمران جماعتیں جھوٹے بیانیے سے قوم کو بے وقوف بنا رہی ہیں،امیر العظیم


لاہور(صباح نیوز)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا ہے کہ باجوہ فیملی کے اثاثوں سے متعلق خبر بے بنیاد ہے تو متاثرہ فریق عدالتوں میں ہتک عزت کا دعویٰ کرے اور ڈیمجز کلیم کرے۔ حکومت کا انکوائری کروانا سمجھ سے بالاتر ہے۔ اسٹیبلشمنٹ بیانیہ تشکیل دینے کی بجائے ملک کے دفاع پر توجہ دے۔ قوم جرنیلوں کی جائیدادوں سے متعلق سوال پوچھنے کا حق رکھتی ہے، شہدا کے وارثین اس ملک کے عوام ہیں۔ حکمران جماعتیں جھوٹے بیانیے سے قوم کو بے وقوف بنا رہی ہیں۔ مزدوروں، ہاریوں اور دیگر محنت کش طبقات کو سرمایہ دار، صنعت کار، جاگیردار اپنی رعایا سمجھتے ہیں۔ حکمران اشرافیہ نے مزدوروں کا خون نچوڑا ہے۔ مسائل کا حل اسلامی انقلاب ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے نیشنل لیبر فیڈریشن کے 53ویں یوم تاسیس پر ٹائون ہال لاہور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ این ایل ایف کے مرکزی صدر شمس الرحمن سواتی، ضیا الدین انصاری،گل نواز سواتی، امین منہاس، طیب اعجاز، بابا لطیف، راجہ عابد یونس، جمشید اقبال سیال اور دیگر مزدور رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔

امیر العظیم نے کہا کہ حکمران طبقہ مزدوروں کو فاقوں پر مجبور غربت اور حالات کے رحم و کرم پر دیکھنا چاہتا ہے۔ گولڈن ہینڈ شیک، رائٹ سائزنگ کے بعد نجکاری کر کے سب کچھ سیٹھوں کی جھولی میں ڈال دیا جاتا ہے۔ مزدوروں کو اپنے حقوق کے لیے بھرپور آواز بلندکرنا ہو گی، جماعت اسلامی ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر شمس الرحمن سواتی نے کہا کہ این ایل ایف مزدوروں کے حقوق کی ترجمان ہے۔ ہم اپنے پلیٹ فارم سے مزدوروں کے حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ حکومت نجکاری کے عمل کو ختم اور بند صنعتوں کو بحال کرے تاکہ مزدور کے گھرکا چولھا جل سکے۔