حکمران اپنے آپ کو کسی کے سامنے جوابدہ نہیں سمجھتے،راشد نسیم


لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ اسلامی حکومت کا تصور یہ ہے کہ اقتدار اعلیٰ اللہ تعالیٰ کے پاس ہو گا اور حکمران اس اقتدار اعلیٰ کے تابع ہوںگے۔ کرپشن، بدامنی، اربوں روپے کے سکینڈلز، توشہ خانہ اور خزانہ کی چوریاں اسی کا سبب ہیں کہ حکمران اپنے آپ کو کسی کے سامنے جوابدہ نہیں سمجھتے اور ایک غیرفطری اور کرپٹ نظام کے وارث بن گئے ہیں۔ حضور پاکۖ کے تصورِ حکومت کو نافذ کر کے ملک کے تمام مسائل حل ہوں گے اور یہ نظام یہ صرف پاکستان کے لیے نہیں پوری دنیا کے لیے امن اور خوشحالی کا ضامن ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تربیت گاہ میں کراچی سے آئے ہوئے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

راشد نسیم نے کہا کہ اسلامی حکومت کا مطلب یہ نہیں کہ کسی پارٹی کی حکومت قائم ہو جائے بلکہ وہ حکومت اسی صورت ہی اسلامی تسلیم کی جائے گی جب اس میں احتساب، انصاف اور قانون کی عمل داری ہو گی اور قرآن و سنت کے احکامات کے مطابق فیصلے ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ یہ ایک انقلابی تصور حکومت ہے اور انسانوں کو انسانوں کی غلامی سے آزاد کرنے کا واحد حل ہے۔