فرسودہ نظام اپنی تمام خامیاں اگل رہا ہے، راشد نسیم


لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ فرسودہ نظام اپنی تمام خامیاں اگل رہا ہے، نظام کے محافظ ایکسپوز ہو رہے اور عوام مہنگائی، غربت اور بے روزگاری کے ایندھن میں جل رہے ہیں۔ اللہ اور اس کے رسولۖ کی تعلیمات سے منہ موڑ کر ایک مصنوعی اور کرپٹ نظام سے بہتری کی امید رکھنا بے وقوفی کے علاوہ اور کچھ نہیں۔

منصورہ میں کل پاکستان امیدواران تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ موجودہ نظام کے پہرے دار کبھی توشہ خانہ کی صورت میں الیکشن کمیشن اور کبھی ملکی خزانہ لوٹنے پر عدالتوں سے ڈگریاں لے رہے ہیں، ثابت ہو چکا ہے کہ موجودہ حکمران اشرافیہ ایک تھالی کے چٹے بٹے ہیں جن کے دعوے الگ الگ مگر پالیسیاں یکساں ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے جماعت اسلامی کی ضرورت ہے، عوام ہمارا ساتھ دیں تو اللہ کی مددونصرت سے یہ عظیم مقصد پورا کریں گے۔