صدر سے بیک ڈور مذاکرات جاری، راولپنڈی میں ٹیکنو کریٹس حکومت کی افواہیں ہیں، شیخ رشید کا دعویٰ


لاہور(صباح نیوز)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ صدقے جاؤں بلاول صدر مملکت کو دھمکی دے رہا ہے، وزیر خارجہ دھمکی دینے سے پہلے لال حویلی سے ہوکر جائے، اسلام آباد میں ٹیکنو کریٹ حکومت کی خبریں ہیں جن کو عمران خان قبول نہیں کریں گے۔

لاہور میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے  چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور پی ٹی آئی لانگ مارچ کے مختلف امور پر تبادلہ خیا گیا ہے۔

ملاقات کے بعد  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 26 نومبر کو راولپنڈی پہنچیں گے، عمران خان کہہ چکے تعیناتی سے کوئی تعلق نہیں، ہمارامطالبہ ایک ہی ہے جلد شفاف انتخابات کرائے جائیں، پہلے بھی عمران خان کو مارنے کی کوشش کی گئی، پی ٹی آئی چیئرمین کی جان کو اب بھی خطرہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ راولپنڈی میں تاریخی اور انقلابی جلسہ ہوگا، ڈاکٹرز نے عمران خان کو کہا ہے سفر نہ کریں، عمران خان آئین و قانون کے مطابق الیکشن چاہتے ہیں، 26 نومبر کو پاکستان کی سیاست بدلنے جارہی ہے، عمران خان کو سکیورٹی تھریٹس ہیں، کوشش ہوگی عمران خان کا خطاب مغرب سے پہلے ہوجائے۔

ان کا کہنا تھا کہ  بلاول صدر مملکت کو دھمکی دے رہا ہے، بلاول دھمکی دینے سے پہلے لال حویلی سے ہوکر جائے، صدرعارف علوی سے مذاکرات چل رہے ہیں تو چلتے رہنے چاہئیں۔