وفاقی وزیرآئی ٹی امین الحق سے سی ای او زونگ کی ملاقات


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق سے سی ای او زونگ وانگ ہووا نے ملاقات کی جس میں سپیکٹرم، فائیو جی، کنیکٹوٹی اور معیاری ٹیلی کام سروسز کی فراہمی کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔

ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک کے کونے کونے میں براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی پہلی ترجیح ہے ، سروسز کے معیار کو بہتر کرنے کے لیئے ٹیلی کام سیکٹر کو اپنے انفرا سٹرکچر کو اپ گریڈ کرنا ہوگا۔

امین الحق نے کہا کہ سیلولر موبائل آپریٹرز کے مسائل اور ٹیکس ایشوز کو حل کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں۔

وفاقی وزیر آئی ٹی نے کہا کہ ڈیجیٹل ورلڈ کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے آئندہ سال فائیو جی لانچنگ کیلئے پرعزم ہیں۔

دوسری جانب وانگ ہووا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فائیو جی لانچنگ میں زونگ وزارت آئی ٹی کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے۔سی ای او زونگ نے مزید کہا کہ جلد ہی ای کامرس کیلئے مائیکروفنانس طرز کی ایپلی کیشن متعارف کروارہے ہیں۔ چند ہفتے قبل پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی جانب سے اوورسیز پاکستانیوں کیلئے ایک اچھی سہولت کا اعلان کیا گیا تھا۔

قائمہ کمیٹی انفارمیشن ٹیکنالوجی کو بریفنگ کے دوران پی ٹی اے حکام نے کہا کہ پی ٹی اے نے ایف بی آر کو اوورسیز کے ایک فون پر ٹیکس چھوٹ کی سفارش کردی تھی۔ پی ٹی اے حکام  نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کیلئے ذاتی استعمال کے فون پر رجسٹریشن کی چھوٹ دی ہے، اب پی ٹی اے60روز بعد اوورسیز پاکستانیوں کا موبائل فون بلاک نہیں کرے گا۔

واضح رہے کہ اس نئے اعلان سے قبل 60روز بعد اوورسیز پاکستانیوں کو ٹیکس دیکر فون رجسٹرڈ کرانا ہوتا تھا لیکن اب رجسڑڈ کروانے کی ضرورت نہیں ہو گی۔