ملک میں ترقی،خوشحالی اور امن کا واحد راستہ پُرامن اسلامی، جمہوری انقلاب ہے۔لیاقت بلوچ


فیصل آباد(صباح نیوز)جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیرلیاقت بلوچ نے کہاہے کہ پی ڈی ایم اورپی ٹی آئی ملک میں غربت اوربے روزگاری کوکنٹرول کرنے کی بجائے ایک دوسرے کونیچادکھانے میں مصروف ہیں۔صوبائی حکومیتں اوروفاق کے درمیان چوہے اوربلی کا کھیل جاری ہے اور عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے ۔اسٹیبلشمنٹ اوراورسیاسی جماعتوں کی مفادات  مفادات کے لیے لڑائی کو عوام نے پہچان لیا ہے، ان حکمران جماعتوں کے ہوتے ہوئے بہتری کی توقع نہیں۔ملک میں ترقی،خوشحالی اور امن کا واحد راستہ پُرامن اسلامی، جمہوری انقلاب ہے۔ اقتدار میں آنے کے لیے دوسری جماعتوں کی طرح کسی سہارے کی ضرورت نہیں۔ سیاستدانوں کو عام آدمی کی مشکلات کا ادراک کرنا ہوگا ۔ ملک وقوم اس وقت تک آگے نہیں بڑھ سکتے جب تک آئین کا احترام اورسیاسی استحکام نہیں آجاتا ۔

انہوں نے کہا کہ عوام بدحال ہیں کسی کو بھی ان کی پرواہ نہیں مہنگائی بے روزگاری اورلاقانونیت نے حالات کو پہلے سے زیادہ خراب کر دیا ہے۔وہ فیصل آبادمیں انتخابی و سیاسی امور پر مشاورتی اجلاس میں شرکت کے بعدمیڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔

اس موقع پرمرکزی نائب امیر ڈاکٹر فرید پراچہ ،صوبائی امیرجاویدقصوری، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، صدر جے آئی یوتھ زبیر گوندل،ضلعی امیرپروفیسر محبوب الزماں بٹ، سیکرٹری انتخابی امور بلال قدرت بٹ اوردیگربھی موجودتھے۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی اپنے پرچم ، نشان اور کرپشن فری اسلامی پاکستان کے منشور کے تحت انتخابات میں حصہ لے گی، پورے ملک میں امیدواروں کو میدان میں اتارا جائے گا۔ جماعت اسلامی عوامی رابطوں، پائیدار جمہوریت اور صاف اور شفاف الیکشن پر یقین رکھتی ہے۔ سیاسی انتشار،افراتفری کے خاتمے، بے یقینی کی صورتحال پر قابو پانے کے لیے فوری طورپر انتخابی اصلاحات ناگزیر اور ملک و قوم کوعام انتخابات کی طرف جانا ہوگا ۔ ملک وقوم کسی بھی قسم کا محاذآرائی کے نتائج کا متحمل نہیں ہو سکتے اس کے لئے ضروری  ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز دانشمندانہ فیصلے کریں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ تمام بنکوں کی اپیلوں کی واپسی کو یقینی بنایا جائے سود کے خاتمے اور غیر سود بنکاری کے سلسلہ میں وزیر خزانہ اور گورنر سٹیٹ بنک آف پاکستان کے درمیان جو روڈمیپ طے ہوا ہے اسے قوم کے سامنے بھی لایا جائے اور حکومت وفاقی شرعی عدالت کو بھی اس سے مطمئن کرے۔

انہوں نے کہا کہ حکمران جماعتیں عوام کے سامنے ایکسپوز ہو گئیں ہیں، میڈیا اور سوشل میڈیا نے بھی انھیں بے نقاب کر دیا ہے۔ واضح ہو گیا ہے کہ حکمران جماعتوں کی پالیسی عوام کی خدمت نہیں بلکہ ذاتی مفادات کا تحفظ ہے۔ نوجوانوں اور خواتین تک اسلامی نظام کا پیغام پہنچایا جائے، گلی محلہ تک پروگراموں کو منعقد کیا جائے۔ہر قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقہ میں ورکرز کنونشن منعقد کیے جائیں گے۔