اسلام آباد(صباح نیوز) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، اسد عمر، اور فواد چوہدری نے توہین چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کیس میں التوا مانگ لیا گیا ۔ جمعرات کوعمران خان، اسد عمر، اور فواد چوہدری کے خلاف توہین چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ممبر نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی بنچ نے کی۔
کارروائی کے دوران معاون وکیل نے عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کی جانب سے التوا کی درخواست دائر کرتے ہوئے کیس میں التوا مانگ لیا ہے۔
اس موقع پر ممبر نثار درانی نے کہا کہ ہم نے انصاف کے تقاضے پورے کرنے ہیں لیکن آپ نے تو راستے خود بند کئے ہیں اور کہہ رہے میں تو نہیں آ رہا کہ راستے بند ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کورٹ نے کہا ہے کہ ایڈورس ایکشن نہ ہو، کارروائی سے نہیں روکا اور قابل ضمانت وارنٹ نکالنا تو ایڈورس ایکشن نہیں جبکہ اس کیس میں تو وہ نہ آئیں تو سیکشن512بھی ہو سکتا تھا۔
انہوں نے معاون وکیل سے کہا کہ آپ یقین دہانی کرا رہے ہیں کہ اگلی سماعت پر پیش ہوں گے جس کے بعد الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کی التوا کی درخواست پر کیس کی سماعت 22 نومبر تک ملتوی کر دی۔