مالیاتی پالیسی سے ہم آہنگ مانیٹری پالیسی سے معیشت میں پائیدار ترقی اور استحکام حاصل کیا جا سکتا ہے، اسحاق ڈار


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈارنے کہا ہے کہ مالیاتی پالیسی سے ہم آہنگ مانیٹری پالیسی سے معیشت میں پائیدار ترقی اور استحکام حاصل کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے یہ بات گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔وزیر خزانہ اور گورنر اسٹیٹ بینک نے ملک کے معاشی استحکام، بحالی اور ترقی کے لئے کئے جانے والے مالیاتی اقدامات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں مالیاتی اور مانیٹری پالیسی کی ہم آہنگی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ حکومت کی مسلسل انتظامی کوششوں اور اسٹیٹ بینک کے پالیسی اقدامات کے نتیجہ میں پاکستانی روپے کی قدر میں استحکام اور شرح مبادلہ کے اتار چڑھا کو روکا گیا ہے،

گورنر اسٹیٹ بینک نے وزیر خزانہ کو پائیدار ترقی کے حصول کے لئے مالیاتی پالیسی کے مقاصد کے مطابق مختلف میکرو اکنامک پالیسی اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک موجودہ حکومت کی پالیسیوں اور اس کے قانونی مینڈیٹ کے مطابق معاشی بحالی کے عمل کی حمایت کے لئے پوری طرح پرعزم ہے۔وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ملک کی معاشی ترقی کے لئے اسٹیٹ بینک کے اقدامات کو تسلی بخش قرار دیا۔

انہوں نے شرح مبادلہ میں استحکام کو واپس لانے میں اسٹیٹ بینک کے ریگولیٹری کردار کو تسلیم کیا اور اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری مانیٹری پالیسیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ مانیٹری پالیسی جب مالیاتی پالیسی سے ہم آہنگ ہو تو معیشت میں پائیدار ترقی اور استحکام حاصل کیا جا سکتا ہے۔ گورنر اسٹیٹ بینک نے مسلسل تعاون پر وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا۔