شرم الشیخ(صباح نیوز) وزیراعظم میاں شہباز شریف سے عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابوالغیط نے شرم الشیخ میں کلائمٹ امپلیمنٹیشن سمٹ کے موقع پر ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دو طرفہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور موسمیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات کو روکنے کے لئے مضبوط تعاون پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعظم نے عرب لیگ کے چارٹر اور اس کے حصول کے لئے سیکرٹری جنرل کے عزم کو سراہا۔قبل ازیں شرم الشیخ انٹرنیشنل کنونشن سینٹر پہنچنے پر مصری صدر عبدالفتاح السیسی اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال کیا۔
اپنے ایک بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ گلوبل وارمنگ کے اثرات کو نظرانداز کرنا مجرمانہ غفلت ہے، اقوام متحدہ کی ماحولیاتی کانفرنس موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف سنگ میل ثابت ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ رواں سال پاکستان اور افریقہ کو گلوبل وارمنگ سے شدید نقصانات کاسامنا کرنا پڑا، مالی امداد کے بغیر ترقی پذیر ممالک ماحولیاتی تبدیلی کے خطرات سے دوچار رہیں گے۔