اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان اور جرمنی کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان جرمنی کے ساتھ دوطرفہ اور یورپی یونین میں تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔دونوں ممالک کے درمیان تجارت،سرمایہ کاری،اور کاروبار کی وسیع صلاحیت سے بھرپور استفادہ کی ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں جرمن سیاسی فاونڈیشن ، کے ایشیا پیسیفک ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ فریڈرک ایبرٹ سٹفٹنگ کی سربراہی میں وفد سے ایوان صدر میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان جرمنی کے ساتھ دوطرفہ اور یورپی یونین کے تناظر میں تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ، پاکستان باہمی مفاد پر مبنی تعلقات کو مزید مضبوط اور وسعت دینا چاہتا ہے، صدر مملکت نے پاکستان اور جرمنی کے درمیان دوطرفہ تجارت میں اضافے کے رجحان کو سراہا ۔صدر مملکت نے دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور کاروبار کے وسیع امکانات سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی عام انتخابات میں ووٹنگ کے طریقہ کار، جعلی خبروں اور غلط معلومات کے سدباب پر تعاون کر سکتے ہیں ،پاکستان اور جرمنی سوشل میڈیا کے کردار، انصاف کے فروغ ، مساوات اور بین الاقوامی تعلقات میں عالمی اور اخلاقی اقدار کے فروغ میں تعاون کر سکتے ہیں ۔
جرمن سرمایہ کار پاکستان چین اقتصادی راہداری کے تحت خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کریں ۔جرمن سرمایہ کار پاکستان کی جانب سے دی جانے والی مراعات سے فائدہ اٹھائیں،صدر مملکت نے پاکستان کے جی ایس پی پلس اسٹیٹس پر جرمنی کی مسلسل حمایت کو سراہا ۔صدر مملکت نے ایف اے ٹی ایف کے ایکشن پلان کی تمام تکنیکی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے پاکستان کی مسلسل حمایت کا بھی خیرمقدم کیا۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ افغانستان ایک سنگین انسانی صورتحال سے دوچار ہے ۔بین الاقوامی برادری کو افغانستان کے لوگوں کیلئے انسانی امداد مزید بڑھانے کی فوری ضرورت ہے۔پاکستان ، بھارت سمیت ، تمام پڑوسیوں کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کے پرامن حل پر منحصر ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ فریڈریک ایبرٹ سٹفٹنگ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔۔