جماعت اسلامی مقصد کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔ راشد نسیم


لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ اسلامی ریاست میں اقتدار اعلیٰ اللہ کے پاس ہوتا ہے، حکمران صرف اسے نافذ کرتے ہیں۔ یہ ممکن نہیں کہ ایک اسلامی ملک میں جوے، شراب، ظلم اور جبر جاری رہے اور حکمران اپنے آپ کو اسلام کے علمبردار بھی کہلوائیں۔ اسلامی حکومت وہی ہے جس میں طاقتور اور کمزور کے لیے ایک انصاف اور قانون کا پیمانہ ایک طرح کا ہو، مظلوموں کی دادرسی ہو، تعلیم اور صحت سب کے لیے ہوں اور حکمران قومی خزانہ اپنی ذات کی بجائے عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کریں۔ حضورۖ نے مدینہ میں اسلامی ریاست کی بنیاد رکھی اور اس کے بعد خلفائے راشدین کا دور اسلام کی تاریخ کا سنہرا ترین دور تھا۔

وہ منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کر رہے تھے۔راشد نسیم نے کہا کہ جماعت اسلامی اور دوسری جماعتوں میں فرق یہ ہے کہ ہم معاشرہ اور انسان کی تعمیر کے لیے کام کر رہے ہیں۔ ہمارا مقصد وقتی فوائد حاصل کرنا نہیں بلکہ اس ریاست کی تعمیر ہے جس کے لیے کروڑوں مسلمانوں نے قربانیاں دیں۔ جماعت اسلامی مقصد کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔