عمران خان جس دروازے سے آئے وہ بند ہوچکا،اب دوبارہ کھولنے کی کوشش کر رہے ہیں،شیری رحمان


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان پرامن اور اپنی حد میں رہیں۔عمران خان  جس دروازے سے آئے وہ بند ہوچکا، اب یہ اس کو دوبارہ کھولنے کی کوشش کررہے ہیں،وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ملک کے خلاف سازش کر رہے ہیں۔ وہ صبح گالی اور شام کو منتیں کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں جو اپوزیشن کر رہی ہے وہ سب کے سامنے ہے اور حکومت ملک کو مشکل سے نکالنے کی کوشش کر رہی ہے۔ سیلاب متاثرہ علاقوں میں پینے کا پانی بھی میسر نہیں۔شیری رحمان نے کہا کہ سینئر صحافی ارشد شریف کو تھریٹ تھا تو عمران خان ان کو خیبر پختونخوا میں رکھتے لیکن عمران خان نے ملک کو بچانے کے لیے آج تک کوئی بات نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنی ذات اور سیاست کے لیے ملک قربان کرنے کو بھی تیار ہیں جبکہ گزشتہ حکومت نے ملک کو دنیا میں تنہا کر دیا۔ عمران خان پرامن رہیں اور اپنی حد میں رہیں۔

وفاقی وزیر شیری رحمان کا کہنا ہے جی ٹی روڈ پر کوئی لانگ مارچ نہیں بلکہ شارٹ مارچ ہوتا ہے۔ مارچ کرنا ہے تو کراچی سے شروع کرو اور شارٹ مارچ کو خونی نہ بنائو۔ ان کا کہنا تھا یہ جس دروازے سے آئے وہ بند ہوچکا، اب یہ اس کو دوبارہ کھولنے کی کوشش کررہے ہیں۔  اس وقت ملک کو سرکس اور انٹرٹینمنٹ کی ضرورت نہیں،۔ وفاقی وزیر نے واضح کیا بلاول بھٹو زرداری نے کسی ملک کو کوئی ایسا لیٹر نہیں لکھا کہ ارشد شریف کو ادھر سے نکالا جائے،  سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ ہم کسی کے لئے زمین تنگ کردیں۔