ریاض(صباح نیوز)وزیراعظم سعودی عرب پہنچ گئے،ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے کے لیے ریاض سعودی عرب پہنچ گئے۔
گورنر ریاض فیصل بن بندر آل سعود نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کا ریاض ایئر پورٹ پر استقبال کیا۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف دارالحکومت ریاض میں اپنے قیام کے دوران وزیراعظم سعودی ولی عہد سے ملاقات کریں گے،
جس میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی شعبے میں کثیر جہتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور دیرینہ برادرانہ تعلقات میں مزید بہتری کے حوالے سے مشاورت کریں گے ۔ وزیراعظم سعودی فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو سمٹ میں بھی شرکت کریں گے۔