عوام لاوارث ، ملک میں افراتفری کا عالم ، حکمران ذمہ داری پوری کرنے میں مکمل ناکام ہو گئے۔ سراج الحق


لاہور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ عوام لاوارث ، ملک میں افراتفری کا عالم ہے، سیاست، معیشت، سماج اور ادارے تنزلی کا شکار، حکمران ذمہ داری پوری کرنے میں مکمل ناکام ہو گئے۔ حکمران جماعتوں کو آج تک جو بھی مینڈیٹ ملا، انھوں نے بار بار اس کی توہین کی ہے۔ حکمرانوں نے عوام کو ہر بار نئے نئے طریقوں سے دھوکا دیا، ان کے ارمانوں کا خون کیا گیا اور ملک کو مسائل کی آماجگاہ بنایا گیا۔ گزشتہ سات دہائیوں سے یہی تماشا جاری ہے۔ کشتی کو بھنور سے نکالنے کے لیے مفاد پرستا نہ سیاست کو دفنانا ہو گا، عام آدمی کو اسی وقت عزت ملے گی جب وہ جاگیرداروں، وڈیروں کی بجائے اپنے درمیان میں سے اہل اور ایمان دار قیادت کو آگے لائیں گے۔ قوم بار بار پی ڈی ایم، پی ٹی آئی کے دھوکا میں نہ آئے، جماعت اسلامی کی صورت میں ان کے پاس بہترین حل موجود ہے۔ ہمارا عزم ہے کہ اللہ کی مددونصرت اور عوامی تائید سے ملک کو اسلامی نظام دے کر تمام مسائل حل کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی اس موقع پر موجود تھے۔سراج الحق نے کہا کہ ناظم جوکھیو، شاہ زیب اور ام رباب کے والد، داد اور چچا کو دن دہاڑے شہید کیا گیا، لواحقین کو انصاف نہیں ملا، پراسیکیوشن اور عدالتی نظام کی کمزوری کی وجہ سے طاقتور افراد کی کوئی پوچھ گچھ نہیں، غریب معمولی غلطی پر جیلوں میں سڑتے ہیں۔ملک میں کوئی شخص جتنا طاقتور ہے وہ اسی طاقت سے قانون و آئین کا مذاق اڑاتا ہے۔ حکمران جماعتیں طاقتور افراد کے کلبز ہیں جو قانون کو موم کی ناک سمجھتے ہیں۔ جاگیرداروں، وڈیروں اور کرپٹ سرمایہ داروں نے ملکی وسائل کو بے دردی سے لوٹا ہے، آج ملک میں احتساب ختم ہو گیا، عدالتوں میں انصاف نہیں۔ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی نے آنے والی نسلوں کا مستقبل بھیانک بنا دیا۔ سودی قرضہ کی ادائیگی سے ملک کا پچاس فیصد سے زائد بجٹ ضائع ہو جاتا ہے۔ وفاقی شرعی عدالت کے واضح فیصلہ کے باوجود حکمران ملک کواسلامی معیشت دینے پر راضی نہیں ہو رہے۔ افسوس ناک امر یہ ہے کہ اسلامی ملک کے حکمران شریعت کے خلاف کام جاری رکھنے پر بضد ہیں۔ مہنگائی و بے روزگاری سمیت تمام مسائل کی وجہ حکمران طبقہ ہے۔ تعلیم مہنگی کر کے حکمرانوں نے نئی نسل کو تعلیم سے محروم رکھنے کا بندوبست کیا ہے، پڑھے لکھے نوجوانوں کو بے روزگار کر کے مستقبل سے ناامید اور مایوس کیا ہے۔ مسائل کی وجہ سے ملک کا ہر دوسرا تیسرا شہری پریشان اور ڈپریشن کا شکار ہے۔

امیر جماعت نے کہا کہ ملک اسلام کے نام پر حاصل ہوا، مگرسازش کے ذریعے اسے اسلامی نظام سے محروم رکھا گیا۔ جماعت اسلامی ملک میں اسلامی نظام لانے کی جدوجہد کر رہی ہے۔ بار بار کے نام نہاد جمہوری تجربوں اور فوجی مارشل لاز سے ثابت ہو چکا ہے کہ اس طرح کے نظام ڈلیور نہیں کر سکتے۔ حکمران جماعتیں بری طرح ایکسپوز ہو گئیں ہیں۔ استعمار کی غلامی سے آزادی حاصل کرنا ہو گی اور اس کے لیے ضروری ہے کہ عوام اسلامی انقلاب کے لیے جدوجہد میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔