نصرت بھٹو کا کردار،جدوجہد اور قربانیاں ہمارے لیے مشعل راہ ہیں،بلاول


اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نصرت بھٹو کا کردار، جدوجہد اور قربانیاں ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے بیگم نصرت بھٹو کی برسی پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ مادرِ جمہوریت نے ہمیں سکھایا ہے کہ برداشت اور صبر سے بڑی کوئی جرات نہیں۔

پی پی پی چیئرمین نے مادرِ جمہوریت کو ان کی 11ویں برسی پر خراج عقیدت بھی پیش کیا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو نے ہمیں سکھایا کہ ظلم کے اندھیروں میں آوازِ حق بلند کرنے سے زیادہ کوئی اطمینان نہیں، انہوں نے ہمیں سکھایا کہ جمہوریت اور پاکستان سے بڑھ کر کچھ بھی عزیز نہیں۔

انہوں نے کہا کہ بیگم بھٹو جمہوریت پسندوں کے لیے ہمت، عزم اور استقلال کا منارہِ نور تھیں، نصرت بھٹو اور ان کے اہلخانہ کے تذکرے کے بغیر پاکستان کی سیاسی تاریخ نامکمل ہوگی۔

وزیرِ خارجہ کا کہنا ہے کہ مادرِ جمہوریت نے ظلم و جبر کا مقابلہ کیا اور ذاتی سانحات برداشت کیے، بیگم نصرت بھٹو نے اپنے غم کو طاقت میں تبدیل کرکے عوامی حقوق کی حفاظت کی۔

پی پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ پارٹی قیادت اور جیالے مادرِ جمہوریت کو صرف آج کے دن نہیں، ہر روز یاد کرتے ہیں، بیگم نصرت بھٹو کا کردار، جدوجہد اور قربانیاں ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

خیال رہے کہ مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کو دنیا سے رخصت ہوئے11سال بیت گئے ۔پاکستان کی سابق خاتون اول اور دو بار وزیر اعظم رہنے والی محترمہ بے نظیر بھٹو کی والدہ نے ملک میں جمہوریت کے قیام کے لیے بے پناہ جدوجہد کی اور قربانیاں دیں۔

ایران کے صوبے اصفہان میں 23 مارچ 1929 کو پیدا ہونے والی بیگم نصرت بھٹو کی ملک میں جمہوریت کی بقاء کے لئے جدوجہد بے مثال ہے اور دنیا سے رخصت ہونے کے بعد انہوں نے مادرِ جمہوریت کا لقب پایا۔