موسم سرما میں بجلی کی طلب و رسد پر کڑی نظر رکھی جائے، شہباز شریف


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ موسم سرما میں بجلی کی طلب و رسد پر کڑی نظر رکھی جائے اور صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف پہنچانے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں موسم سرما میں بجلی کی لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔وزارت توانائی نے وزیراعظم کو موسم سرما میں بجلی کی طلب و رسد اور ایندھن کے تخمینوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس میں سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن)کے رکن قومی اسمبلی شاہد خاقان عباسی، وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار، وزیر برائے پارلیمانی امور مرتضی جاوید عباسی، وزیر توانائی انجینئیرخرم دستگیر، وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ، وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹرمصدق ملک، معاونین خصوصی ڈاکٹر جہانزیب خان، جنید انور چوہدری اور متعلقہ اعلی سرکاری حکام نے شرکت کی۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ موسم سرما میں بجلی کے صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف پہنچانے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔

وزیراعظم نے اس بات کی بھی ہدایت کی کہ بجلی پیدا کرنے کے لیے درآمدی ایندھن پر کم سے کم انحصار کیا جائے اور مقامی وسائل کو استعمال کر کے عوام کو سستی بجلی مہیا کی جائے۔