کراچی(صباح نیوز) الخدمت ”بنو قابل میگا پروجیکٹ ” کے تحت کراچی کے میٹرک وانٹر پاس طلبہ کے لیے آئی ٹی کورسز کے انٹری ٹیسٹ کا انعقاد بدھ کو مزارقائد کے پہلو میں باغ جناح کے وسیع و عریض گرائونڈ میں کیا گیا جس میں ہزاروں طلبہ نے شرکت کی ۔ طلبہ کی قابلیت و استعداد کی جانچ کے بعد کامیاب طلبہ کو کمپیوٹر کے معتبر اداروں کے ذریعے فری لانسنگ ، ویب ڈیولپمنٹ ، گرافک ڈیزائنگ ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ ، ایمزون ، ورچیول اسسٹنٹ اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ جیسے کورسز جن پر ہزاروں روپے خرچ آتے ہیں مفت کرائے جائیں گے ۔
الخدمت نے اس پروگرام کے لیے شہر کے معروف آئی ٹی پروفیشنلرز کی بڑی ٹیم اور اداروں کی معاونت بھی حاصل کی ہے ۔4سے6ماہ کی مدت کے ان کورسز کے بعد ان طلبہ کے روزگار کے لیے بھی کوششیں کی جائیں گی ۔بنو قابل پروجیکٹ کے دوسرے مرحلے میں طالبات کے ٹیسٹ کا جلد انعقاد ہو گا ۔ انٹری ٹیسٹ میں شریک طلبہ اور ان کے والدین نے الخدمت کی کوششوں کو سراہا ، بھر پور حاضری کے باوجود ٹیسٹ کا انعقاد و اختتام نہایت منظم انداز سے ہوا ۔انتظامات کو بہتر بنانے کے لیے مختلف اسکولوں کے اساتذہ سمیت رضاکاروں پر مشتمل 15کلسٹرز بنائے گئے تھے ۔
بنو قابل میگا پروجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ،الخدمت کے چیف ایگزیکٹو نوید علی بیگ و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ حافظ نعیم الرحمن نے اپنے خطاب کے اختتام پر انٹری ٹیسٹ میں شریک ہزاروں طلبہ سے ایک عہد بھی لیا ۔تمام شرکاء نے کورس میں قومی ترانہ پڑھا ۔ بعد ازاں طلبہ کا ایک گھنٹے کا ٹیسٹ لیا گیا جس کے لیے انہیں ٹیسٹ کے سوال نامے کے ساتھ الخدمت کے لوگو والا فائل فولڈربھی فراہم کیا گیا ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہمارا میئر کراچی میں آئی ٹی یونیورسٹی کے قیام کو یقینی بنائے گا ،ہم کراچی کو ایک لیڈنگ آئی ٹی سٹی بنائیں گے ، ہم دیگر مہارتوں کے حوالے سے بھی مختلف ٹیکنیکل کورسز کرائیں گے، ہم کے ایم سی کے اسکولوں میں بھی آئی ٹی کی تعلیم کا انتظام کریں گے ، ہم نوجوانوں کے لیے تعلیمی اسکالر شپ کا بھی انتظام کریں گے ،ہم کراچی کے عوام کو اور بالخصوص نوجوانوں کو مایوسی سے نکال کر یقین اور امید کی روشنی دکھا رہے ہیں ، ہم نوجوانوں کو ان کے مستقبل سے مایوس نہیں ہونے دیں گے ۔
ماضی میں جب آئی ٹی کا شعبہ اتنا وسیع نہیں ہوا تھا اس وقت نعمت بھی اللہ خان ایڈوکیٹ کے دور میں کراچی کے 6کالجز میں آئی ٹی گریجویٹ کی کلاسوں کا اہتمام کیا گیا تھا اور شہر میں 32نئے کالجز قائم کیے تھے ۔انہوں نے کہا کہ الخدمت نے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے ، یہ ٹیسٹ اہل کراچی کوایک امید فراہم کرے گا ، کراچی کے نوجوان ہی اس شہر اور ملک کا روشن مستقبل ہیں اور اپنے خاندان کے لیے سہارا بنیں گے ۔ ان حالات میں نوجوانوں کو کوئی سہولیات میسر نہیں ہیں ، جماعت اسلامی اور الخدمت نے ایک بڑی تعلیمی سہولت اور آئی ٹی کے میدان میں نوجوانوں کو موقع فراہم کیا ہے ۔ ہم یہ تمام کورسز کرائیں گے اور پھر ان کے لیے روزگار کے مواقع بھی تلاش کرنے میں مدد کریں گے ۔ کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کے لیے بنیادی سہولیات میسر نہیں ہیں ،
صرف 2سرکاری جامعات ہیں ، کالجز کی تعداد بھی کم ہے ، تعلیمی اداروں میں طلبہ و طالبات کے لیے ٹرانسپورٹ کا کوئی انتظام نہیں ہے ، نوجوان تعلیم حاصل کرنے کے بعد روزگار سے محروم رہتے ہیں ، میڈیکل اور انجینئرنگ کی تعلیم مکمل کرنے والے نوجوانوں کے لیے روزگار نہیں ہے ۔ سندھ میں 49ہزار اسکولز کے لیے اربوں روپے کا تعلیمی بجٹ ہو تا ہے ، کہاں جاتا ہے کچھ پتا نہیں ؟ ہم سندھ کے حکمرانوں سے عوام کا حق لیں گے ، تعلیم ، صحت اور روزگار لیں گے ،انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام چاہتے ہیں کہ اب یہاں جماعت اسلامی کا میئر آئے کیونکہ عوام جانتے ہیں کہ جماعت اسلامی ہی عوام کی خدمت کرنے اور مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ، حافظ نعیم الرحمن نے ٹیسٹ کے شرکاء سے عہد لیا کہ میں عہد کرتا ہوں کہ میں پاکستان’ اس کے اسلامی نظریے کا وفادار رہوں گا ،
شہر کراچی کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کروں گا ، دیانت داری اور محنت سے تعلیمی اور پروفیشنلز صلاحیتوں میں اضافہ کروں گا ، اس شہر اور ملک کے لیے مفید بنوں گا ، کسی ایسی سرگرمی اور عادت کا حصہ نہیں بنوں گا جو میری ذات ، میرے خاندان ، شہر اور ملک کی شرمندگی کا باعث بنے ۔ اللہ تعالی میرے اس عہد کو وفا کرنے کی توفیق عطا کرے ۔نوید علی بیگ نے کہا کہ ہم نے کراچی کے نوجوانوں سے جو وعدہ کیا تھا کہ بنو قابل پروگرام کے ذریعے آئی ٹی کورسز کرائیں گے اور آج اس کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے ، یہ ٹیسٹ بارش اور سیلاب زدگان کی امداد اور بحالی کے باعث موخر ہوا ۔ یہ ایک کھڑکی اور دروازہ ہو گا جس سے آپ اپنی عملی زندگی میں قدم رکھیں گے ۔
ان کورسز سے نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبے سے آگاہی حاصل ہو گی ۔ آج اس شعبے کی ضرورت اور اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ ہے اور نواجونوں کے لیے تو یہ انتہائی اہمیت کی حامل ہے ، شہر کے اندر کم از کم ایک آئی ٹی یونیورسٹی کی ضرورت ہے جو حکومت کا کام ہے لیکن الخدمت نے ایک کوشش کی ہے کہ نوجوانوں کو یہ مہارت دلوائے تاکہ کراچی کے نوجوان اپنے خاندان اس شہر اور ملک کا مستقبل سنوار سکیں ۔ حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں ان شاء اللہ کراچی کے نوجوانوں کو با صلاحیت اور خود مختار بنانے کی جدو جہد جاری رہے گی ۔