این اے 133کے ضمنی انتخاب کیلئے انتظامات مکمل


لاہور(صباح نیوز) الیکشن کمیشن نے این اے 133کے ضمنی انتخاب کیلئے حتمی انتظامات مکمل کر لئے۔قومی اسمبلی کے حلقہ NA-133لاہور میں 5دسمبر بروز اتوار پولنگ کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس ضمن میں الیکشن کمیشن نے تمام حتمی انتظامات مکمل کر لئے۔گذشتہ روز ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر نذر عباس، ڈپٹی کمشنر لاہور اور سکیورٹی اداروں کے حکام نے صوبائی الیکشن پنجاب کو ٹرانسپورٹیشن پلان، سکیورٹی پلان اور لاجسٹک پلان کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

ضمنی انتخاب NA-133لاہور میں امن و امان کی صورتحال کی نگرانی کیلئے کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔پولنگ عملے کی نقل و حمل کیلئے 254گاڑیاں موجود ہوں گی جو کہ پریذائیڈنگ افسران اور الیکشن میٹریل کو پولنگ سٹیشن تک پہنچائیں گی اور پولنگ کے اختتام پر انتخابی نتائج کے ساتھ ریٹرننگ آفیسرکے دفاتر تک پہنچائیں گی۔

پولنگ کے روز کیلئے سول ڈیفنس، بم ڈسپوزل یونٹ،میونسپل کارپوریشن اور لاہور ویسٹ مینجمنٹ کارپوریشن کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں۔جناح ہسپتال اور جنرل ہسپتال کو بھی ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ سٹی ٹریفک پولیس آفیسر کو ٹریفک پلان کے حوالے سے احکامات جاری کر دئے گئے ۔

پولنگ کے روز امن و امان کے قیام کیلئے پولیس اور رینجرز کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔کوئیک ریسپانس فورس کے2000جوان ڈیوٹی پر مامور ہوں گے جبکہ رینجرزکے 730جوان مذکورہ حلقہ میں تعینات کئے جائیں گے۔

صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے خاص ہدایات دیں کے اس بات کو یقینی بنایا جائے کے پولنگ کے روز کسی بھی منتخب نمائندے کو حلقہ میں یا کسی بھی پولنگ اسٹیشن پر داخلے کی اجازت نہ دی جائے۔ صوبای الیکشن کمشنر پنجاب نے اپیل کی کہ عوام بلا خوف و خطر 5دسمبر کو ووٹ ڈالنے پولنگ اسٹیشن پر آئیں۔