اگر نواز شریف، آصف زرداری ایماندار ہیں تو انہیں ووٹ دے دو: عمران خان


مردان،چارسدہ(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ غربت کی سب سے بڑی وجہ ملک کے حکمران پیسہ چوری کرتے ہیں، اگر نواز شریف، زرداری ایماندار ہے تو ان کو ووٹ دے دو۔

مردان میں تحریک انصاف کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ چوروں نے ملک کودلدل میں پھنسا دیا ہے،عمران خان چوروں نے قوم کومقروض کر دیا ہے،اللہ نے حکم دیا ہے اچھائی کا ساتھ اوربرائی کا مقابلہ کرنا ہے، اللہ نے کہیں بھی نیوٹرل ہونے کی اجازت نہیں دی، اپنے بچوں سے پوچھوکیا نوازشریف، زرداری ایماندارہے؟ تیس سال سے یہ ملک لوٹ رہے ہیں، جب ملک میں انصاف ہوتا ہے تب ملک خوشحال ہوتا ہے۔اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غربت کی سب سے بڑی وجہ ملک کے حکمران پیسہ چوری کرتے ہیں، اگر نواز شریف، زرداری ایماندار ہے تو ان کو ووٹ دے دو، ان کی توچوری کی عالمی سطح پر کتابیں لکھی گئیں، مجھے بتائیں میں کیوں نہیں لندن بھاگتا، اپنی قوم کو جگارہا ہوں، اللہ نے اچھائی برائی میں نیوٹرل ہونے کی اجازت نہیں دی، اللہ نے امربالمعروف میں واضح حکم دیا اچھائی کا ساتھ دو، اگرمیں بھی کرپٹ ہوتا تو دم دبا کرنوازشریف کی طرح ملک سے بھاگا ہوتا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ الیکشن کمشنر بد یانت دار آدمی ان کے ساتھ ملا ہوا ہے، انہوں نے 10 سے 15 ہزارجعلی ووٹ ڈالنے ہیں، مخالفین نے 10 سے 15 ہزارجعلی ووٹوں کی پلاننگ کی ہوئی ہے۔ ہم نے اس کے باوجود ان کو شکست دینی ہے، گھر، گھر جا کر تحریک انصاف کا پیغام پہنچائیں، اگر زرداری، نوازشریف چور نہیں تو یہ قیامت کی نشانی ہے، الیکشن کمشنرچوروں کے ساتھ ملا ہوا ہے،اس سے قبل خیبرپختونخوا کے علاقے چارسدہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ اگر میلو یہاں سے جیت گیا تو بہت برا ہوگا، جب آپ میلو کو ہرائیں گے تو پھر یہاں دوبارہ آوں گا۔16 اکتوبر کو الیکشن ہونے والا ہے، یہ عام الیکشن نہیں پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ ہونے والا ہے، الیکشن سے فیصلہ ہوگا پاکستان حقیقی آزاد ملک بنے گا۔

عمران خان نے کہا کہ یہ الیکشن نہیں جہاد ہے، ملک اور بچوں کے مستقبل کیلئے سب کو الیکشن کیلئے نکالنا ہے، دھاندلی کے باوجود انہیں پھینٹادیں گے، انہوں نیدھاندلی کا منصوبہ بنایا ہوا ہے، 15 ہزار جعلی ووٹ ڈالے جائیں گے۔ میرے خلاف ہر روز نئے مقدمات بنائے جارہے ہیں، فکر نہ کریں عدالتوں میں جانے سے نہیں ڈرتا، بڑے ڈاکوں کے اربوں روپے کے کیسز معاف ہورہے ہیں۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ عوام مہنگائی میں ڈوب رہے ہیں، یہ اپنے قرضے معاف کرارہے ہیں، 60 فیصد کابینہ کرپشن کیسز میں ضمانت پر ہے۔ بجلی کی قیمت تین گنا زیادہ ہوگئی، 50روپے فی یونٹ ہوگئی، اس ملک پر بڑے بڑے مجرموں کو مسلط کیا گیا ہے، ہم اپنے ملک کیلئے حقیقی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔سابق وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ ڈیزل کی قیمت تو بڑھ گئی لیکن فضل الرحمان کی قیمت نیچے آگئی ہے، فضل الرحمان آج250 روپے لیٹر ہے، پیٹرول 150روپے سے 236روپے فی لیٹر ہوگیا۔ چھوٹا چور جیل اور بڑا چور کابینہ میں ہے، اس سے پہلے مریم کو بری کیا گیا تھا اب زرداری کو بری کیا جائے گا۔سابق وزیر اعظم نے موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب سے ان مجرموں کی حکومت آئی ہے یہاں دہشت گردی بڑھنا شروع ہوگئی ہے، جس طرح سوات میں ہو رہا ہے۔ سرحد پار سے آنے والے دہشت گردوں کو روکنا موجودہ حکومت کی ذمہ داری تھی مگر بجائے وہ کام کرنے کے یہ لوگ اپنی چوری معاف کروا رہے ہیں، کرپشن کر رہے ہیں اور مخالفین کے خلاف کیسز کر رہے ہیں۔

عمران خان نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ایجنسیاں کیا کر رہی ہیں، نامعلوم فون نمبرز سے دھمکیاں دینا، عمران خان کو ٹی وی پر نہ دکھانے کے لیے میڈیا کا منہ بند کرنا، مگر ملک میں کیا قانون رہ گیا ہے۔ سوات کے لوگوں نے قربانیاں دی ہیں مگر ابھی پھر وہاں دہشت گردی ہو رہی ہے تو اس کے ذمہ دار یہ لوگ (موجودہ حکومت) ہیں، اس لیے اتوار(  16 اکتوبر) کو سب لوگ نکلیں اور بچوں پر بھی میں یہ ذمہ داری عائد کرتا ہوں کہ وہ اپنے والدین پر ووٹ ڈالنے کے لیے زور دیں۔قبل ازیں زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کے میدان میں خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ زنجیریں توڑی جاتی ہیں، آزادی چھیننا پڑتی ہے۔ جیل تو چھوٹی چیز ہے میں جان بھی دے سکتا ہوں۔

عمران خان نے طلبہ کو مخاطب کرکے کہا کہ آج آپ لوگوں نے میری بات بہت آرام سے بات سننی ہے۔ یوتھ پر تاریخ میں لازم ہوجاتا ہے کہ باہر نکلیں۔ ارسطو نے کہا کہ معاشرے میں ناانصافی ہو تو تمام لوگ اس کے خلاف ہوں گے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ بزدل اور خود غرض لوگ ہی نہیں کھڑے ہوں گے۔ نا انصافی کے خلاف آواز بلند کرنا جہاد ہے۔ اگر کسی نے ملک میں ڈاکا مارنا ہے تو میں ان چوروں کے سامنے کھڑا ہوا ہوں۔ ہر روز میرے خلاف نیا مقدمہ درج ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں سے ضمانت کروانے کے لیے عدالت جاوں گا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ میں نے کرکٹ سے سیاست تک چیلنج لیے۔ انسان کی پرواز میں سب سے بڑی رکاوٹ ایک ہے اور وہ ہے خوف۔ بزدل انسان کبھی لیڈر نہیں بن سکتا۔نواز شریف ہر مشکل وقت میں باہر چلا جاتا ہے۔ غلام جوتے پالش کرتے ہیں، لیڈر آزاد ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں یہاں طلبہ کو تیار کرنے آیا ہوں۔ ملک کی حقیقی آزادی کے لیے سب نے نکلنا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زنجیریں توڑی جاتی ہیں، آزادی چھیننا پڑتی ہے۔ امریکی سازش کے تحت ہم پر امریکی غلاموں کو ہم پر بٹھایا گیا، یہ جاکر امریکا میں بھیک مانگ رہا ہے۔ یہ ملک کو ذلیل کررہے ہیں، انہیں شرم نہیں ہے۔ ملک کا پیسہ چوری کر ت باہر محلات میں رہتے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ جیل تو چھوٹی چیز ہے، میں جان کی بازی لگا سکتا ہوں۔ آپ سب نے تیاری کرنی ہے، یہ سیاست نہیں جہاد ہے۔ ملک کی 60 فی صد کابینہ ضمانت پر ہے۔ دنیا بھر کے انقلابات میں طلبہ سامنے آئے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اب زیادہ دیر نہیں ہے، میں کال دینے والا ہوں۔ چوروں کے ٹولے اور ان کے ہینڈلر کے سامنے قوم کھڑی ہوگی۔۔