اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ سے عوامی مسائل کا حل ڈھونڈنا چاہئے، پیپلز پارٹی استعفیٰ نہیں دے گی، استعفیٰ کسی بات کا حل نہیں ہوتاانہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے 54ویں یوم تاسیس کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پیپلز پارٹی تب وجود میں آئی جب لوگوں کی زبانوں پر تالے تھے، پیپلز پارٹی کے وجود سے قبل عوام کا برا حال تھا، عوام کا برا حال تھا جس پر ذوالفقار علی بھٹو نے سیاسی جماعت بنانے کا سوچا۔
خورشید شاہ نے کہا ہے کہ قوم دن بدن مقروض ہوتی جارہی ہے، جو 2008 میں75 ہزار کا مقروض تھا آج سوا دو لاکھ کا مقروض ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں آئین و قانون کے تحت حکمرانی ہونی چاہیے، پیپلز پارٹی استعفیٰ نہیں دے گی، استعفیٰ کسی بات کا حل نہیں ہوتا، 1997 میں پیپلز پارٹی کے پاس 17 سیٹیں تھیں لیکن دبائو کے باوجود استعفیٰ نہیں دیا،حکمرانی آتی جاتی رہتی ہیں لیکن ملک عزیز ہے ۔
انہوںنے کہا کہ موجودہ پارلیمنٹ آدھے گھنٹے کے اندر تیس چالیس بل پاس کر دیتی ہے، یہ پارلیمنٹ نہیں بلکہ بابو کا آفس بن گیا ، پیپلز پارٹی نہیں چاہتی کہ پارلیمنٹ کے اندر اسٹیمپ چھاپ لوگ آئیں۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ سے عوام کے مسائل کا حل ڈھونڈنا چاہیے، نہیں چاہتے کہ ایسے حالات ہوں جہاں انارکی پھیلائی جائے۔خورشید نے مزید کہا کہ پاکستان کو ادھار بھی دیا جاتا ہے تو بہت زیادہ سود پر دیا جاتا ہے۔