اسلام آباد(صباح نیوز)بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ( بی آئی ایس پی) کے ذریعے وزیر اعظم کے سیلاب ریلیف کیش اسسٹنس کے تحت پاکستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں سیلاب سے متاثرہ ہر خاندان کو 25 ہزار روپے کی مالی امداد فراہم کی گئی ہے اور اب تک مجموعی طور پر 26 لاکھ3 ہزار متاثرہ خاندانوں میں 65 ارب روپے سے زائد رقم تقسیم کی جاچکی ہے۔
اس سلسلے میں بی آئی ایس پی کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں خصوصی ادائیگی مراکز قائم کیے گئے ہیں جن کے ذریعے اب تک سندھ میں 18 لاکھ خاندانوں کو 45 ارب روپی تقسیم کئے جاچکے ہیں۔ بلوچستان کے 2 لاکھ سے زائد متاثرہ خاندانوں کو5 ارب روپے سے زائد کی رقم فراہم کی گئی ہے۔ خیبر پختونخواہ کے 3 لاکھ خاندانوں کو7 ارب 40 لاکھ روپے ادا کئے جاچکے ہیں۔ پنجاب میں 3 لاکھ 20 ہزار خاندانوں کو 8 ارب سے زائد رقم تقسیم کی جا چکی ہے اور گلگت بلتستان کے 442 خاندانوں کو1 کروڑ 10 لاکھ کی رقم فراہم کی گئی ہے۔
وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ / چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) محترمہ شازیہ مری نے کیمپ سائٹس پر موجود متعلقہ عملے پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں رقوم کی ادائیگی کے حوالے سے مستحق خواتین کیساتھ مکمل تعاون کریں۔متاثرہ خاندانوں سے گزارش ہے کہ وہ فلڈ ریلیف کیش اسسٹنس پروگرام میں رجسٹریشن کے لیے اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر 8171 پر بھیجیں اور ادائیگی کا پیغام موصول ہونے پر وہ اپنی ادائیگی وصول کرنے کے لیے اپنے قریبی کیمپ سائٹ پر جا سکتے ہیں۔بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ہیڈ کوارٹر اور صوبائی سطح پر کنٹرول رومز بھی قائم کئے گئے ہیں تاکہ با آسانی ادائیگیوں کو یقینی بنایا جا سکے۔