عمران خان جج زیبا چوہدری سے معافی مانگنے انکی عدالت پہنچ گئے، پولیس نے کمرہ بند کر دیا


اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان  اپنے وکیل بابر اعوان کے ہمراہ جوڈیشل مجسٹریٹ زیبا چوہدری سے معافی مانگنے کے لیے ان کی عدالت پہنچ گئے۔

عمران خان جوڈیشل مجسٹریٹ زیبا چوہدری کی عدالت پہنچے تاہم پولیس نے خاتون جج کا کمرہ بند کر دیا اور انہیں بتایا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ زیبا چوہدری رخصت پر ہیں۔ عمران خان نے روسٹرم پر آکر ریڈر سے ان کا نام پوچھا اور کہا کہ آپ نے  میڈیم زیبا چوہدری صاحبہ کو بتانا ہے کہ عمران خان خود آئے تھے اوروہ آپ سے معافی مانگ رہے ہیں،میرے الفاظ سے آپ کی دل آزاری ہوئی ہے تومیں معافی چاہتا ہوں۔

چیئرمین تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ ریڈر آپ گواہ رہنا، میں آیا تھا معافی مانگنے۔ اس کے بعد عمران خان کمرہ عدالت سے روانہ ہو گئے۔