پاک فوج کی سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری


اسلام آباد(صباح نیوز)پاک فوج کی جانب سے سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

پاک فوج کے تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق سندھ میں پاک فوج کی انتھک اور مسلسل امدادی کاموں کا سلسلہ جاری ہے، سیلاب میں پھنسے افراد کو ریسکیو کیا، بڑے پیمانے پر راشن تقسیم کیا اور دیگر اشیا بھی فراہم کیں۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ مٹیاری، خیرپور ناتھن شاہ، ٹھٹھہ، بدین، دادو، سیہون، ٹنڈو محمد خان اور عمرکوٹ سمیت مختلف علاقوں میں پاک فوج نے سیلاب متاثرین کی مدد میں مصروف ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان آرمی کے جوانوں نے کئی میڈیکل کیمپس لگائے اور سیلاب زدگان کو مفت ادویات بھی فراہم کیں جبکہ پاک فوج کے جوانوں نے کشتیوں کے ذریعے راشن کی فراہمی کی۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ سندھ کے تمام سیلاب متاثرین میں مچھر دانیاں، پکا پکایا کھانا اور بچوں کا دودھ بھی گائوں گائوں پہنچایا۔