سینیٹرمشتاق خان کے مطالبہ پروزیراعظم کے گز شتہ تین سالوں کے غیرملکی دوروں کی تفصیلات قائمہ کمیٹی خارجہ امور میں طلب


اسلام آباد(صباح نیوز) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خارجہ امور نے جماعت اسلامی کے رہنما سینیٹرمشتاق احمدخان کے مطالبہ پروزیراعظم کے گزشتہ تین سالوں کے غیرملکی دوروں اور ان ساتھ جانے والے وفودکے ارکان کی تفصیلات مانگ لی، اجلاس 8ستمبر کو ہوگا ان تفصیلات سے آگاہی کے لئے سیکرٹری خارجہ کو تیاری کرکے کمیٹی میں آنے کی ہدایت کردی گئی سابق وزیراعظم عمران خان کے تمام سرکاری غیرملکی دوروں کے اخراجات دوروں کے مقاصد کے بارے میں بھی آگاہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ، وزیرخارجہ کو بھی اس اہم معاملے سے آگاہ کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خارجہ امور نے وزارت خارجہ سے سابق وزیراعظم عمران خان اور موجودہ وزیراعظم کے سرکاری غیرملکی دوروں کے تفصیلات طلب کرلی ہیں ۔یہ معاملہ چند ماہ قبل ایوان بالا میں  سابق وزیراعظم عمران خان کے سرکاری غیرملکی دوروں کے حوالے سے اٹھا تھا ،مطالبہ جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمدخان کی طرف سے کیا گیا ۔ذرائع کے مطابق کمیٹی نے وزارت خارجہ کو ہدایت کردی ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے تمام سرکاری غیرملکی دوروں ان پر اٹھنے والے اخراجات ،وفود کے ارکان کی تعداددوروں کے مقاصداور مطلوبہ اھداف کے بارے میں تفصیلی بریفنگ کی ہدایت کی گئی ہے ۔

ذرائع کے مطابق موجودہ وزیراعظم کے اب تک کے غیرملکی دوروں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کرنے کے بارے میں کہا گیا ہے ۔کمیٹی کے اجلاس کی کاروائی کے دوران  دیگر امور بھی زیربحث آئیں گے ۔ پاکستان کے لئے متحدہ عرب امارات کی اعلان کردہ نئی سفری شرائط اوریو اے ای سے 80پاکستانیوں کے بیدخلی کے معاملے کا جائزہ بھی لیا جائے گا ۔اسی طرح امہ سلمی نامی خاتون کی انسانی ہمدردی کی بنیادپرفوری طورپر اٹلی سے متعلق ویزہ کے حوالے سے عوامی پٹیشن کا جائزہ بھی لیا جائے گا اجلاس چیئرمین کمیٹی فاروق ایچ نائیک کی صدارت میں 8ستمبرکو پارلیمینٹ ہاؤس میں ہوگا۔