سیلاب زدگان کی بحالی ان کی امدادہم سب کی ذمہ داری ہے ۔مولانا عبدالحق ہاشمی


کوئٹہ(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں سیلاب وبارش کی تباہ کاریوں کی وجہ سے غربت پریشانی مشکلات میں بہت زیادہ اضافہ ہواہے متاثرہ علاقو ں کے عوام خوردنی اشیاء تک کو ترس رہے ہیں سیلاب زدگان کی بحالی ان کی امدادہم سب کی ذمہ داری ہے ۔قومیں اس موقع پر یکجہتی واتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے متاثرین کے دکھ دردمیں شریک ہوکر ان کی ہرممکن مددکرتی ہیں بدقسمتی سے ہمارے یہاں متاثرین کی امدادکو مال غنیمت سمجھ کر لوٹاجارہا ہے ۔بحالی کے اداروں سے تعلق رکھنے والے امدادی کام دیانت داری وایمانداری سے کریں تاکہ دنیا وآخرت کی کامیابی ترقی اورخوشحالی میسرہو۔

اپنے جاری بیان میںانہوں نے قوم سے دردمندانہ اپیل کی ہے کہ وہ سیلاب متاثرین کی مدد وبحالی کیلئے دل کھول کرالخدمت فائونڈیشن جماعت اسلامی کو امداد فراہم کرے۔جماعت اسلامی الخدمت فائونڈیشن کے ذمہ داران رضاکاروں کی دیانت داری نے قوم کا اعتمادحاصل کیا الحمداللہ پورے ملک کی طرح بلوچستان کے تما م متاثرہ اضلاع میں جماعت اسلامی والخدمت فائونڈیشن کاکام بھر پور طریقے سے دیانت داری کیساتھ جاری ہے ۔ وفاقی و صوبائی حکومتیں اپنی ذمہ داری احسن طریقہ سے انجام نہیں دے رہیں، لاکھوں لوگ بارشوں کے دوران کھلے آسمان کے نیچے بیٹھے ہیں، بچوں اور بچیوں کے کھانے کے لیے راشن، پینے کے لیے دودھ نہیں ۔متاثرہ علاقوں کی بیماریاں پھیل گئی ہیں بچوں میں دست، قے ،جلدی ودیگر بیماریاں پھیل گئی ہیں دوسری جانب خوراک وپینے کا صاف پانی بھی دستیاب نہیں ادویات کی قیمتوں عوام کی پہنچ سے دور ہوگئی ہیں الخدمت فائونڈیشن نے متاثرہ علاقوں میں علاج ومعالجے کیلئے فری میڈیکل کیمپس بھی شروع کیے ہیں ۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے اعلان کردہ فنڈز لوگوں تک نہیں پہنچ رہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومتوں نے راشن اور ٹینٹ سیلاب زدہ علاقوں میں اپنے ایم این ایز اور ایم پی ایز کو فراہم کر دیے ہیں، متاثرین کو سیاسی سپورٹ کی یقین دہانی کرانے پر اورجاگیردار وں اور وڈیروں کے ڈیروں کا طواف کرنے پر امداد فراہم کی جاتی ہے۔ ظالم حکمران مصیبت کے وقت بھی سیاست کر رہے ہیں۔ نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کاطریقہ کاراتنا سست ہے کہ سال گزر جانے کے بعد ہی متاثرہ فرد کو امدادمناس طریقے سے نہیں پہنچتی ۔ وزیراعظم اور وزرائے اعلیٰ خود دیانت داری سے امدادی سرگرمیوں کی خود نگرانی کریں، ان کے ایم این ایز اور ایم پی ایز متاثرہ علاقوں سے بھاگ گئے ہیں۔ جماعت اسلامی دکھ کی اس گھڑی میں اپنے تمام وسائل مصیبت زدگان کی مدد کے لیے استعمال کر رہی ہے۔ الخدمت فائونڈیشن کے رضاکار جگہ جگہ موجود ہیں، قوم ہماری مدد کرے، مخیر اور درددل رکھنے والے لوگ اپنے تئیں بھی جس قدر ممکن ہوسکے اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کی خاطر بے سہارا لوگوں کی امداد کے لیے آگے بڑھیں#