وزیراعظم کا کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو مواقع دینے کے لئے ڈیپارٹمنٹل اسپورٹس بحال کرنے کا اعلان


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف کا ملک میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو مواقع دینے کے لئے بڑا فیصلہ، وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیپارٹمنٹل سپورٹس بحال کر نے کا اعلان کر دیا، وزیراعظم شہباز شریف نے کھلاڑیوں اور نوجوانوں سے کیا وعدہ پورا کردیا ۔ وزیراعظم نے کامن ویلتھ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے ارشد ندیم، شاہ حسین،محمد انعام اور دیگر ایتھلیٹس میں انعامی چیک تقسیم کیے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں کامن ویلتھ گیمز میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے ایتھلیٹس کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا آپ کو دیکھ کرمزید کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہوں گے۔ وزیراعظم نے کھلاڑیوں میں انعامی چیک تقسیم کئے، کیش انعام پانے والوں میں شاہ حسین، شریف طاہر، محمد انعام، خرم دستگیر بٹ، ارشد ندیم شامل ہیں۔ وزیراعظم نے کہا 22 کروڑعوام آپ کو عزت اورتحسین کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں، آپ قوم کے ہیروز ہیں جنہوں نے کامیابی حاصل کرکے سبز ہلالی پرچم بلند کیا۔

وزیراعظم نے کہا یقین ہے پاکستان کھیل کے میدان میں مزید عزت اور کامیابیاں حاصل کرے گا، ہمارے کھلاڑیوں نے محنت سے ستاروں پر کمند ڈالی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیپارٹمنٹل اسپورٹس پر لگی پابندی ختم کرنے کا اعلان بھی کیا۔وزیراعظم نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا اس وقت پاکستان مشکل وقت سے گزررہا ہے،ملک میں سیلابی صورتحال کے باعث بڑا چیلنج درپیش ہے۔ وزیراعظم نے کہا خیبر پختونخوا، بلوچستان اور سندھ سیلاب سے شدید متاثر ہیں، جانی و مالی نقصان پر بہت دکھ ہے، متاثرین کی مدد وبحالی کیلئے ہرممکن وسائل فراہم کر رہے ہیں۔