راولپنڈی میں فائرنگ سے خاتون سمیت 3 افراد قتل


راولپنڈی(صباح نیوز) راولپنڈی کے علاقے ڈھوک کمال دین میں فائرنگ سے ایک خاتون سمیت تین افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ فائرنگ مقتولین کے گھر میں گھس کر کی گئی۔

پولیس  نے بتایا ہے کہ فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں میں میاں بیوی اور ان کا بیٹا شامل ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں سجاول اس کی اہلیہ اور بیٹا ابرہیم شامل ہیں۔

فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی علاقہ پولیس اور امدادی اداروں کے رضاکاروں سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے حکام فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچے جس کے بعد مقتولین کی نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

تھانہ ایئرپورٹ پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کے حکام و اہلکاروں نے جائے وقوع سے ثبوت و شواہد اکھٹے کر کے تحقیقات  شروع کر دی ہیں جب کہ فارنزک ٹیموں کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔