کوئٹہ(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ حکومت کی جانب سے بارش متاثرین فنڈزسے بدعنوانی لمحہ فکریہ ہے ہڑتالی اساتذہ کے مسائل حل مطالبات تسلیم کیے جائیں ۔بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ نے بلوچستان کو بہت زیادہ متاثرکیا ہے ۔ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی دونوں عوام کو لوٹنے ،بدعنوانی کرنے اوربے حسی ناکامی میں ایک دوسرے سے بڑ ھ کر ہے ان میں سے عوام کاکوئی نہیں ۔جماعت اسلامی بہترین متبادل ،مسائل حل کرنے والی دیانت دار ٹیم ہے۔ آئی ایم ایف کے غلام حکمرانوں نے ملکی معیشت کا بیڑا غرق کر کے رکھ دیا ہے ۔ اتحادی حکومت نے عوام پر ظالمانہ ٹیکس لگانے،مہنگائی بڑھانے اور مظالم ڈھانے کا سلسلہ وہیں سے شروع کر رکھا ہے جہاں سے تبدیلی حکومت نے چھوڑا تھا ۔
اپنے جاری بیان میں انہوں نے کہاکہ ایک طرف ریلیف کے نام پر لولی پا پ دیا جارہا ہے تو دوسری طرف وزیر خزانہ حکومت پاکستان کی بجائے آئی ایم ایف کی نمائندگی کررہے ہیں، اور انہی کے ایجنڈے کو آگے لے کر چل رہے ہیں۔ مفادپرستوں میں عوام کاخیر خواہ عوام کو سننے والا کوئی نہیں ۔جماعت اسلامی ہی واحد حل اورواحد آپشن ہے ۔صوبائی حکومت بدعنوانی روکھنے ،عوام کو ریلیف پہنچانے میں ناکام ہوئے ہیں عوام کے بجائے وزراء واپوزیشن کو خوش کرنے والے قوم کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے ۔ بلوچستان کا ہر طبقہ احتجاج پر ہے ۔تنخواہوں اور پنشن میں مہنگائی کے بڑھنے کی رفتار سے اضافہ ناگزیر ہے۔ اکنامک سروے معاشی بحران کی سنگینی کی طرف اشارے کررہے ہیں۔ جب تک آئی ایم ایف کی مداخلت برقرار رہے گی اس وقت تک عوام کی زندگی میں خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں کی نجکاری کی خواہش رکھنے والے غریب عوام کو دو وقت کی روٹی اور روزگار سے بھی محروم کرنا چاہتے ہیں۔ اگر حکمران ادارے ٹھیک نہیں کرسکتے ، اداروں سے کرپشن کا قلع قمع نہیں کرسکتے اور ان کو منافع بخش نہیں بناسکتے تو ان نا اہلوں سے ملک چلانے کی امید کیسے کی جاسکتی ہے ۔سودی معاشی نظام کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ بدعنوانی ،سودی نظام تمام مسائل کی بنیادی جڑ ہے، حکومت نے اس کے لئے روڈ میپ دے ملک میں معاشی عدم استحکام اور بے یقینی کی صورتحال بڑھتی چلی جارہی ہے۔