مقبوضہ کشمیرمیں کورونااموات اور متاثرین میں اضافہ،وائرس پھر پھیلنے لگا


سرینگر:مقبوضہ جموں و کشمیر میں کورونا وائرس سے مزید 2افراد فوت ہوگئے ۔ متوفین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 4464تک پہنچ گئی۔ پچھلے 24گھنٹوں کے دوران 45ہزار 453ٹیسٹ کئے گئے جن میں 3مسافروں سمیت مزید 179افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔

جموں و کشمیر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 3لاکھ 35ہزار 707تک پہنچ گئی ہے۔ وائرس سے مزید 179افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں جموں میں 30جبکہ 149افراد کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں۔ کشمیر سے تعلق رکھنے والے 149افراد میں ایک بیرون ریاستوں سے سفر کرکے وادی پہنچا جبکہ دیگر 148افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ کشمیر میں متاثر ہونے والے 149افراد میں سب سے زیادہ سرینگر میں 64، بارہمولہ میں 35، بڈگام میں 17، پلوامہ میں 4، کپوارہ میں 8، اننت ناگ میں 1، بانڈی پورہ میں 6، گاندربل میں 10، کولگام میں 4جبکہ شوپیان میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے۔ کشمیر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2لاکھ 10ہزار 868 تک پہنچ گئی ہے، اس دوران یہاں ایک شخص فوت ہوگیا ۔

کشمیر میں متوفین کی مجموعی تعداد 2281ہوگئی ہے۔ جموں کے کشتواڑ اور رام بن میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی جبکہ دیگر 8اضلاع میں 30افراد مثبت قرار دیئے گئے۔ صوبے میں مثبت قرار دئے گئے 30افراد میں 2بیرون ریاستوں سے سفر کرکے جموں پہنچے جبکہ دیگر 28افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔  30افراد میں  جموں میں 18، ادھمپور میں 1، راجوری میں 3، ڈودڈہ میں 1، کٹھوعہ میں 1، سانبہ میں 1، پونچھ میں 3 اور ریاسی میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے۔ متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ 24ہزار868تک پہنچ گئی ہے۔

صوبے میں 3دنوں تک اموات کا سلسلہ تھمنے کے بعد  کورونا وائرس سے ایک اور شخص فوت ہوگیا ۔ مرنے والے شخص کا تعلق ضلع پونچھ سے ہے۔ صوبے میں متوفین کی مجموعی تعداد 2183تک پہنچ گئی ہے