کامن ویلتھ گیمز،ٹی 20 میچ میں قومی ویمن کرکٹ ٹیم کو بھارت کے ہاتھوں شکست


برمنگھم (صباح نیوز)کامن ویلتھ گیمز میں برمنگھم کے ایجبسٹن گراونڈ میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ میں پاکستان ویمنز نے بھارتی ویمنز کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کافیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوسکا۔

کامن ویلتھ گیمز میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ میں بھارت کی ویمن کرکٹ ٹیم نے پاکستان کو8 وکٹ سے شکست دے دی۔بارش کے باعث میچ کو 18-18 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا، ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان کی ٹیم 99 رنز بنا کر آل آوٹ ہوگئی۔

اس طرح بھارت کو 100 رنز کا ہدف ملا جسے  انڈین ٹیم نے 11.4 اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر   حاصل کرلیا۔ سمرتی مندھانا نے 42 گیندوں پر 63 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہیں۔

شفائل ورما نے 9 گیندوں پر 16 رنز بنائے، سبھینینی میگھانا نے 16 گیندوں پر 14 رنز بنائے، طوبی حسن اور عمیمہ سہیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستان کی پہلی وکٹ صفر رن پر گرگئی، اس کے بعد اوپننگ بلے باز منیبہ علی اور کپتان بسمہ معروف نے دوسری وکٹ کیلئے 50 رنز کی شراکت داری کرکے ٹیم کو سنبھالا۔ بھارتی آف اسپنر اسنیہ رانا نے 9 ویں اوور میں دونوں بلے بازوں کو آوٹ کرکے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی۔

بسمہ معروف نے 19 گیندوں پر 17 رنز بنائے، وکٹ کیپر بلے باز منیبہ علی نے T20 کیرئیر کی بہترین اننگز کھیلی اور تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 30 گیندوں پر 32 رنز بنائے۔ عائشہ نسیم 9 گیندوں پر 10 رنز بنانے کے بعد رینوکا سنگھ کا شکار ہوئیں۔13 اوورز کے بعد پاکستان کا اسکور 4 وکٹوں پر 72 رنز تھا تاہم پاکستانی بلے باز آخری 5 اوورز میں صرف 27 رنز ہی بنا سکے اور 6 وکٹیں گنوا دیں۔