پی ٹی آئی کے ایم پی اے آصف خان کی لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی


پشاور(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رکن خیبرپختونخوا اسمبلی آصف خان نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی۔ایم پی اے آصف خان گن مینوں کے ہمراہ لیڈی ریڈنگ ہسپتال آ گئے، وہ نگہداشت وارڈ میں بھی گن مینوں کے ہمراہ گئے۔

ترجمان ہسپتال محمد عاصم نے کہا ہے کہ ایل ار ایچ اور خصوصا نگہداشت وارڈ میں اسلحہ لے جانا منع ہے، متعلقہ ایم پی اے کے ساتھ تعاون کیا اور ان کے خلاف کارروائی نہیں کی۔

وزیر صحت خیبرپختونخوا تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ رکن اسمبلی کا گن مین عیادت کے وقت ویڈیو بنا رہا تھا جو پالیسی کے خلاف ہے۔

تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ گن مین نے آئی سی یو میں ٹیکنیشن اور ڈاکٹروں کو دھکے بھی دیئے۔

پی ٹی آئی کے ایم پی اے آصف خان نے کہا کہ مریض کی عیادت پر آئی سی یو کے ٹیکنیشن نے میرے ساتھ بدتمیزی کی۔

آصف خان نے کہا کہ محکمہ صحت کو ٹوئٹس کے ذریعے چلایا جا رہا ہے، صوبائی وزیر کو اس سے متعلق آگاہ بھی کیا لیکن شنوائی نہ ہوسکی۔